علما کرام، مشائخ مذہبی ہم آہنگی، رواداری کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں: صدر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان / خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے گزشتہ روز ایوان صدر میںملاقات کی، جس میں ملک پاکستان میں قیام امن، دہشت گردی، فرقہ واریت کے خاتمے، مذہبی ہم آہنگی، پیغام پاکستان کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیغام پاکستان، پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جس نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کو حرام قرار دیا ہے، موجودہ ملکی حالات میں بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور قومی یکجہتی کیلئے ہم سب کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ دہشت گردی، انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ 7ستمبر 1974ء کو قومی اسمبلی کے علماء کرام و اراکین اسمبلی اور وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کا تحفظ ختم نبوت کے بل کو منظور کرانا ایک تاریخ ساز فیصلہ تھا۔ مولانا سید محمد یوسف بنوری، مفتی محمود، مولانا عبدالحق حقانی، مولانا غلام غوث ہزاروی، علامہ شاہ احمد نورانی، مولانا عبدالستار نیازی، پروفیسر غفور احمد، امام السلاطین مولانا ڈاکٹر سید محمد عبدالقادر آزاد، مولانا کوثر نیازی و دیگر علماء کرام ومشائخ عظام کی ختم نبوت کے حوالے سے عظیم خدمات کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور امت کے درمیان وحدت کی اشد ضرورت ہے، تمام علماء کرام و مشائخ عظام مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور پیغام پاکستان کے فروغ کیلئے اپنا عظیم کردار ادا کریں، ہمارا دشمن بڑا عیار و چالاک ہے، پاکستان میں بدامنی پھیلا کر انتشار پیدا کر کے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، موجودہ ملکی حالات میں ہم سب نے ملکر اپنے وطن عزیز پاکستان کو بچانا ہے اور اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہے، ہم سب ملکر دشمن کے ناپاک ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے، ہم سب پاکستانی ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی رؤیت ہلال اور دنیا بھر میں مذہبی ہم آہنگی، اتحاد و وحدت کے حوالے سے خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے صدر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز پاکستان کی حفاظت فرمائے اور دن دگنی رات چگنی ترقی عطا فرمائے۔