یوم بحریہ: قربانیاں رائیگاں جائینگی نہ دہشتگردی کے خاتمہ تک چین سے بیٹھیں گے: عطا تارڑ
اسلام آباد‘ کراچی (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان نیوی کی جانب سے یومِ بحریہ انتہائی عقیدت اور ملی جذبے سے منایا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یوم بحریہ کی تقریبات کا آغاز پاکستان نیوی کی تمام مساجد میں ملکی سلامتی اور کشمیر کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ 8 ستمبر 1965 ء کو آپریشن سومنات کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے ہندوستانی بندرگاہ ’’دوارکا‘‘ پر حملہ کر کے ہندوستانی راڈار سٹیشن تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیا۔ پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی نے جنگ کے دوران بحر ہند میں اپنا راج اور دبدبہ قائم رکھا اور 5 گنا بڑی بھارتی بحریہ کو بھارتی بندرگاہ میں مفلوج کر دیا۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کی تاریخ کا سنہرا باب ہے جو ہمارے سرفروشوں کی لازوال قربانیوں اور جذبوں کی یاد دلاتا ہے۔ آج کے دن پاکستان نیوی کے آفیسرز، سی پی اوز، سیلرز اور سویلینز ملک کے ناقابل تسخیر دفاع اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک ثابت قدم رہنے کا عہد کرتے ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم اپنے بہادر سمندری محافظوں کی عظیم قربانیوں اور بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 1965ء کی جنگ میں پاک بحریہ کے سرفروشوں نے دشمن کی سمندری طاقت کا غرور ملیامیٹ کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یوم بحریہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ "نیوی ڈے" پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کے عظیم کارناموں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، پاک بحریہ 8 ستمبر1965 کے جذبے کو زندہ جاوید رکھنے کے لئے پر عزم ہے۔ بحریہ ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاک بحریہ کا ملکی دفاع میں اہم کردار ہے، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے نیول ہیڈکوارٹرز میں یادگار شہداء کا دورہ کرتے ہوئے کہا نیول ہیڈکوارٹرز یادگار شہداء پرحاضری دینا میرے لیے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کا ملکی دفاع میں اہم کردار ہے، ہمارا عزم ہے ملک کو استحکام کی طرف لایا جائے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک بحریہ کی قربانیاں لازوال ہیں۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ملک میں امن کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پاک بحریہ نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ سی پیک ملکی معیشت کے لئے انتہائی اہم ہے۔ پاک بحریہ سمندری حدود کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، پاک بحریہ سمندری حدود کی حفاظت کے لئے پرعزم ہے، پاکستان کی بقاکیلئے پاک بحریہ کے جوانوں اور افسران نے بے پناہ قربانیاں دیں، شہداء وطن اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کی معیشت کی بحالی، استحکام اور معاشی انقلاب برپا کرنے کے لئے ہمیں بندرگاہوں کے حوالے سے پالیسی پر پوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ حکومت وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ روابط کو فروغ دے رہی ہے اس سے ہم بلیو اکانومی سے مکمل طور پر مستفید ہو ہوگی اور سیف کورڈورز تک وسطی ایشیائی ریاستوں کو رسائی دی جا سکے گی تاکہ اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ ہم دہشت گردی کی جنگ میں نہ صرف متحرک ہیں بلکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ سی پیک کے ذریعے معاشی انقلاب برپا ہوگا، ہم تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہداپر حاضری دی اور پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ وفاقی وزیر نے پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کیا اور شہداکے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور جوان بھی موجود تھے۔