ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کر دی، خواندگی با اختیار بنانے کا گیٹ وے ہے: وزیراعظم
اسلام آباد+ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیغام میں کہا کہ خواندگی ایک بنیادی انسانی اور آئینی حق ہے۔ تعلیم اور خواندگی ہمارے ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں۔ خواندگی محض پڑھنے لکھنے کی صلاحیت نہیں ہے۔ یہ بااختیار بنانے، اقتصادی مواقع اور معاشرے میں فعال شرکت کا ایک گیٹ وے ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج، ہم تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم ایک زیادہ باخبر اور پائیدار قوم کے لیے کوشاں ہیں۔ تعلیم ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ اس مقصد کے لیے، ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کے اندراج کی مہم شروع کی ہے، سکولوں میں بچوں کو دوپہر کا کھانا شروع کیا ہے۔ سکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے اور ہر بچے کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے وظائف اور دیگر مراعات متعارف کرائی ہیں۔ اس تیزی سے ابھرتی ہوئی دنیا میں، ٹیکنالوجی کے مطابق خواندگی اور مہارتوں کی ترقی ناگزیر ہے۔ حکومت ایک جامع منصوبہ پر عمل پیرا ہے جس سے ٹیکنالوجی ہمارے تعلیمی نظام میں ضم ہو جائے گی۔ اس عمل کا مقصد اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہمارے نوجوان ڈیجیٹل معیشت میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے ضروری مہارتوں سے لیس ہوں۔ شہباز شریف نے کہا کہ نجی شعبے اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں حکومت کی ان کوششوں میں برابر کے شراکت دار ہیں۔ موثر شراکت داری قائم کر کے، ہم تعلیم کو روزگار اور خود روزگاری کے مواقع سے جوڑ سکتے ہیں، جس سے ایک زیادہ مضبوط اور جامع افرادی قوت پیدا ہو سکتی ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے خصوصی پولیو مہم کا آغاز کر دیا۔ تقریب میں وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ، انسداد پولیو کیلئے وزیر اعظم کی نمائندہ خصوصی عائشہ رضا فاروق، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، یونیسف، گیٹس فاؤنڈیشن اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ شہر اقتدار میں ملک گیر خصوصی انسداد پولیو مہم کے آغاز کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز نے کہا کہ ملک بھر کے 115 اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز کر دیا، جس میں پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ بچوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔ والدین بچوں کے محفوظ مستقبل کیلئے پولیوں ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے یوم بحریہ پر اپنے بہادر سمندری محافظوں کی عظیم قربانیوں و بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان بحریہ کے تمام ارکان کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاک بحریہ کی مستقل مزاجی ان کی فرض شناسی اور وطن سے محبت کا ثبوت ہے۔ پاک بحریہ کی خدمات اور قربانیوں کی دل سے قدر کرتے ہیں۔