اعجاز الحق سے ملاقات، سیاست دان ملکی مفاد کیلئے ذاتی انا قربان کر دیں، چوہدری شجاعت
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سیاست دان ملکی مفاد کے لیے ذاتی انا کو قربان کردیں۔پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے گزشتہ ہفتے پرویز الٰہی سے ملاقات کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اہم ملاقاتیں کی ہیں، اسی سلسلے میں ان سے آج مسلم لیگ ضیا کے صدر اعجاز الحق نے ملاقات کی۔اہم ملاقات میں سینئر مسلم لیگی رہنما چوہدری شفاعت حسین ،مرکرزی سیکرٹری اطلاعات مصطفی ملک، صدر مسلم لیگ ق سندھ طارق حسن بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے م ابین ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چوہدری شجاعت حسین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کے لیے تمام قوتوں کو ایک پیج پر آنا ہو گا۔ قومی ایجنڈے کی تشکیل کے لیے پارلیمنٹ کردار ادا کرے۔ سیاست دان ملکی مفاد کے لیے ذاتی انا قربان کریں۔مسلم لیگ ضیا کے صدر اعجاز الحق نے کہا کہ سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے ہر فورم پر کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ مہنگائی اور دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔