سابق رکن قومی اسمبلی حمیر حیات خان روکھڑی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے
میانوالی (نمائندہ نوائے وقت) سابق ممبر قومی اسمبلی سابق ضلع ناظم حمیر حیات خان روکھڑی دل کا اچانک دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ حمیر حیات خان روکھڑی لاہور سے میانوالی آ رہے تھے کہ انہیں قائد آباد کے قریب دل میں تکلیف ہوئی جس پر انہیں فوری طور پر تحصیل ہسپتال قائد آباد منتقل کیا گیا لیکن وہ یہاں پہنچ کر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ حمیر حیات خان روکھڑی 1991 میں چیئرمین ضلع کونسل منتخب ہوئے۔ 2002 کے بلدیاتی الیکشن میں ڈسٹرکٹ ناظم منتخب ہوئے۔ بعد ازاں انہوں نے 2008 کے الیکشن میں کامیابی حاصل کی اور ممبر قومی اسمبلی کے طور پر میانوالی کی نمائندگی کی۔ 2013، 2018 اور 2023 کے الیکشن میں بھی حصہ لیا لیکن وہ ناکام رہے۔ حمیر حیات خان روکھڑی مسلم لیگ (ن) سے وابستہ تھے۔ سرگودھا ڈویژن میں بطور جنرل سیکرٹری اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ حمیر حیات خان روکھڑی نے ایل ایل بی کے بعد بی ایٹ لاء کیا۔ لندن سے تعلیم یافتہ تھے۔ حمیر حیات خان روکھڑی گل حمید خان روکھڑی کی اکلوتی اولاد نرینہ تھے۔ سابق صوبائی وزیر گل حمید روکھڑی کا ایک بیٹا اور چار بیٹیاں ہیں جبکہ حمیر حیات خان روکھڑی کا ایک بیٹا ہے۔ حمیر حیات روکھڑی کی نماز جنازہ آج میانوالی میں ادا کی جائے گی اور انہیں آبائی قبرستان روکھڑی میں سپردخاک کر دیا جائے گا۔