گنڈا پور کے الفاظ پر صحافیوں کا پارلیمنٹ میں احتجاج: بیرسٹر گوہر ‘عمر ایوب کی غیر مشروط معافی
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی خیبرپی کے علی امین گنڈا پور کے گزشتہ روز جلسے میں صحافیوں کیخلاف قابل اعتراض الفاظ کے استعمال پر صحافیوں نے سینٹ اور قومی اسمبلی میں شدید احتجاج کیا۔ جس پر پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے غیر مشروط معافی مانگ لی۔سینٹ اجلاس کے دوران صحافیوں نے علی امین گنڈا پور کی تقریر کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے بائیکاٹ کیا جس پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر ان کے پاس گئے اور غیر مشروط معافی مانگی۔ انہوں نے کہا ہم تمام صحافتی برادری کا احترام کرتے ہیں، میں صحافیوں کی دل آزاری پر غیر مشروط معافی مانگتا ہوں، وزیر اعلیٰ خیبر پی کے نے جو بات کی وہ کوئی ایک دو صحافیوں کے حوالے سے تھی۔انہوں نے کہا کسی تصادم کی طرف جانے کا کوئی ارادہ نہیں، علی امین گنڈاپور کی تقریر سیاسی تھی، ہم نے قانون ہاتھ میں لینا ہوتا تو ہم آج تک لے چکے ہوتے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے عوام کا بہت پریشر ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی پارلیمانی رپورٹرز نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا جس پر قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب بیرسٹر گوہر کے ہمراہ میڈیا گیلری میں آئے اور میڈیا نمائندوں سے غیر مشروط معافی مانگی۔ عمر ایوب نے کہا پاکستان تحریک انصاف اور علی امین گنڈاپور کی جانب سے معذرت قبول کی جائے۔ پارلیمانی صحافیوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی معافی پر علی امین گنڈا پور سے معذرت کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں سینیٹر افنان اللہ اور سینیٹر عون عباس بھی صحافیوں کو منانے کیلئے پریس گیلری میں پہنچے اور صحافیوں کو منانے کی کوشش کی۔