مریم نواز ، نواز شریف کاراوی سفائر بے کادورہ ، زبردستی زمین لینے کی شکایت پر اظہار ناپسندید گی
لاہور+فیروز والہ(نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر+نامہ نگار) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور محمد نواز شریف شیخوپورہ کے نواحی علاقے راوی سفائر بے پہنچ گئے۔ وزیر اعلیٰ اور محمد نوازشریف نے ریور ٹریننگ ورکس اینڈ بیراج سائٹ کا دورہ کیا اور سفائر بے پر تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ اور محمد نواز شریف نے کوفر ڈیم سائٹ کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے عام لوگوں سے زبردستی زمینیں لینے کی عوامی شکایت پر اظہار ناپسندیدگی کیا اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے روڈا پراجیکٹ میں آنے والی کچی آبادیوں کو مناسب مقامات پر منتقل کرنے کا حکم دیا۔ راوی ریور سٹی پراجیکٹ کے لئے دنیا کے بہترین پروفیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے اور روڈا پراجیکٹ میں بہترین تعمیر اتی معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ تعمیراتی معیار کی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز اور نوازشریف کو ریور ٹریننگ ورک ڈویلپمنٹ پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ سی ای او ’’روڈا‘‘ عمران امین نے بتایا کہ دریا راوی کے دونوں اطراف تین فیز میں 46 کلومیٹر چینلائزیشن کی جائے گی۔ روڈا پراجیکٹ میں 36 فیصد ایریا جنگلات اور سرسبز کے لئے مختص ہوگا۔ سائفن تا ہڈیارہ ڈرین 46 کلومیٹر طویل تین رویہ سڑک بنائی جائے گی۔ راوی ریور فرنٹ پراجیکٹ میں تین بیراج بھی بنائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے انسداد پولیو مہم کے آغاز پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب میں پولیو کے 100فیصد خاتمے کا ہدف پورا کریں گے۔ والدین بچوں کو پولیو کے خاتمے کے لئے ویکسین کے قطرے ضرور پلائیں۔ پنجاب کو پولیو فری بنانا ہمارا عزم ہے۔ خلوص نیت سے کام کرنے والا ہر پولیو ورکر ہیرو ہے۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے عالمی دن برائے تحفظ تعلیم کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ 9 ستمبر- اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ تعلیم اقوام انسانیت کی فلاح کا بنیادی ذریعہ ہے۔ کسی بھی قوم کی بقاء اور تعمیر کا راز تعلیم یافتہ نسلوں میں پوشیدہ ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان سمیت دنیا کے بہت سے ممالک میں تعلیمی ادارے حملوں کا نشانہ بنتے ہیں۔ 16 دسمبر اے پی ایس حملہ، تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، یہ دراصل تعلیم پر ایک بہت بڑا حملہ تھا۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی نے نہ صرف ہمارے بچوں کے خواب چھیننے کی مذموم کوشش کی گئی۔ تعلیمی اداروں پر حملہ صرف عمارت ہی نہیں بلکہ قوم کے مستقبل اور امن کے خواب پر بھی حملہ کے مترداف ہے۔ تعلیم کے لئے محفوظ اور بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پنجاب میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔