• news

فضل الرحمن کا مولانا اللہ وسایا کو فون، کامیاب ختم نبوت کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد 

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا کو ٹیلی فون کیا اور مینار پاکستان کے سائے تلے کامیاب ترین ختم نبوت کانفرنس گولڈن جوبلی منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے قائدین، کارکنان، مبلغین اور تمام عاشقان مصطفیٰؐ مباکباد کے مستحق ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے مبلغین ختم نبوت، تمام رفقاء کی محنتوں کو سراہا اور اس کامیاب کانفرنس منعقد کرنے پر مباکباد پیش کی اور کہا کہ تحریک ناموس رسالت کا پیغام کا شہر شہر اور پورے دنیا میں پھیل چکی ہے۔ اب ناموس رسالتؐ کے غداروں کو کہیں بھی پناہ کی جگہ نہیں ملے گی۔ دریں اثنا مجلس کے مرکزی رہنما  مولانا عزیزالرحمن ثانی، مولانا علیم الدین شاکر، پیر میاں محمد رضوان نفیس، مولانا عبدالنعیم، مولانا حافظ محمد اشرف گجر، مولانا خالد محمود، ڈاکٹر عبدالواحد قریشی نے کہا ہے کہ لاہور مینار پاکستان میں منعقد ہونے والی تحفظ ختم نبوت گولڈن جوبلی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ تحفظ ختم نبوت میں لاکھوں افراد کی شرکت بیرونی دباؤ پر ہونے والے فیصلوں پر کھلا عدم اعتماد ہے کہ اسلامیان پاکستان ختم نبوت اور قانون ناموس رسالت کا ہر قیمت پر تحفظ کرتے رہیں گے۔ عشاق رسول کے اس اجتماع نے ختم نبوت کے غداروں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ لاہور مینار پاکستان میں کامیاب کانفرنس نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت قانون اور قوانین ختم نبوت کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا اور ذرا برابر بھی اس میں کوئی سازش برداشت نہیں کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن