190 ملین پائونڈ ریفرنس،عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف سماعت کل تک ملتوی
راولپنڈی(آئی این پی ) راولپنڈی کی احتساب عدالت میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پانڈز ریفرنس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کیس پر سماعت کی ، عمران خان اور بشری بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے لیڈ کونسل عثمان گل اور ظہیر عباس چوہدری لاہور ہائیکورٹ میں مصروفیات کے باعث اڈیالہ جیل پیش نہ ہوسکے ، وکلا کی عدم دستیابی کے باعث ریفرنس کے آخری گواہ میاں عمر ندیم پر جرح نہ ہو سکی۔ بانی پی ٹی آئی کی بریت کی درخواست پر بھی دلائل نہ دیئے جاسکے ، معاون وکیل فیصل چوہدری نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی ، نیب پراسیکوشن ٹیم نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی مخالفت کردی ۔ نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، ریفرنس کے آخری گواہ پر جرح کے لیے وکلا صفائی کو 16 مواقع دیے جا چکے ہیں، وکلا صفائی کی جانب سے 12وکالت نامے اس ریفرنس میں جمع کروائے گئے ہیں ، بیرسٹر علی ظفر اور فیصل چوہدری موجود ہیں یہ آخری گواہ پر جرح کر لیں۔ وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ عدالت ایک موقع دے آئندہ سماعت پر اگر مرکزی کونسل نہیں آتے تو ہم جرح کر لیں گے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی۔