بنوں، سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے پر جج ہمایوں دلاور، والد، بھائی، چچا کیخلاف وارنٹ جاری
بنوں(آئی این پی +نیٹ نیوز) بنوں میں سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے کے کیس میں سپیشل جج سینٹرل 2 اسلام آباد ہمایوں دلاورکے وارنٹ جاری کردیے گئے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت بنوں میں ہمایوں دلاورسمیت 4 ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی۔کیس کے تفتیشی اور پراسیکیوشن افسر ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ محبوب الحسن نے ہمایوں دلاور سمیت 4 ملزموں کے وارنٹ گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔ عدالت نے حکم دیا ملزموں کی گرفتاری اور عدالت میں پیش ہونے تک وارنٹ مؤثر رہیگا۔ پولیس کے مطابق جج ہمایوں دلاورکے بھائی، والد اور رجسٹرار کے بھی وارنٹ جاری ہوئے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپی کے کے معاون خصوصی برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی نے کہا 39 کنال سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے پر سپیشل جج ایف آئی اے اسلام آباد ہمایوں دلاور، ان کے والد، بھائی اور چچا کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے کیونکہ انہوں نے بنوں میں ڈیڑھ ارب کی مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا ملزموں نے جعلی اندراج کے ذریعے زمین اپنے نام کر کے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں شامل کی جس سے حکومت کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا اینٹی کرپشن نے عدالت سے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے، جج ہمایوں دلاور ہاوسنگ سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو ہیں۔