چینی وزیراعظم، سعودی ولی عہد ملاقات:متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
ریاض (نوائے وقت رپورٹ) چین کے وزیراعظم لی کیانگ سعودی عرب کے دورے پر پہنچ گئے۔ میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے چینی وزیراعظم کا استقبال کیا۔ چینی وزیراعظم سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ محمد اور چینی وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ، سیاسی، سکیورٹی، اقتصادی، توانائی، کلچر، ٹیکنالوجی شعبوں میں تعاون کے فروغ، باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ لی کیانگ نے کاروباری افراد سے بھی ملاقات کی۔ لی کیانگ نے الجزائر ٹی وی کو انٹرویو میں کہا میرے دورے کا مقصد باہمی تعلقات کو بلند ترین سطح پر لے کر جانا ہے۔ ماہرین کے مطابق لی کیانگ کے دورے کا مقصد نیوم شہر سمیت سعودیہ کے میگا پراجیکٹس میں چینی کمپنیوں کی شمولیت کے مواقع تلاش کرنا ہے۔