اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس فراہمی کی ترجیحی فہرست میں ترمیم کر دی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اقتصادی رابطہ کمیٹی جس کا اجلاس وزیر خزانہ کی صدارت میں ہوا، گیس کا استعمال کرنے والے کیپٹو پاور پروڈیوسر اور سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی کی فہرست میں پست ترجیح قرار دے دیا۔ اس اقدام کا مقصد گیس استعمال کرنے والی صنعت کو سہولت دینا ہے۔ اجلاس میں گیس کی سپلائی کی موجودہ ترجیحی فہرست ترمیم کی گئی ہے جس کے تحت صنعتی مقاصد کے لیے گیس کے سوال کو اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔ گھریلو اور کمرشل صارفین بھی پہلی ترجیح میں شامل ہوں گے، اجلاس میں کالکا ٹک چترال 48 کلومیٹر طویل سڑک کے سول ورک کے لیے سامان کی خریداری کی تجویز پر غور کیا گیا۔ ا ی سی سی نے وزارت مواصلات اور این ایچ اے اتھارٹی کو اختیار دیا کہ وہ سول ورک کے آغاز کے لیے ضروری خریداریاں کر ے، سال 16ء ۔ 2015ء میں گندم کی سبسڈی سکیم کے تحت 238.42 ملین روپے واجبات کی ادائیگی کے لیے پیش کی جانے والی سمری پر ای سی سی نے وزارت فوڈز سکیورٹی کو ہدایت کی کہ وہ اس رقم کا بندوبست پہلے سے موجود بجٹ وسائل میں سے کرے اور پرانے کلیمز کو ادا کیا جائے، وزارت فوڈ سکیورٹی کی طرف سے سنٹرل کاٹن کمیٹی کے لیے6 65 ملین روپے کے قرض کے حوالے سے تجویز پیش کی گئی تاکہ ادارہ ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن ادا کر سکے، کمیٹی نے تجویز پر غور کے بعد فیصلہ کیا کہ اس ادارے کو بند کرنے پر غور کیا جانا چاہیے، اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ اس بارے میں کیس کابینہ کی رائٹ سائزنگ کمیٹی کو بھیجا جائے۔