• news

چارٹر آف پارلیمنٹ سے جمہوریت مضبوط ہو گی، وزیراعظم: بلاول کی ملاقات، حکومتی پالیسیوں پر اعتماد

اسلام آباد ( خبرنگار خصوصی+ عترت جعفری  )  وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملاقات،وفد میں سید نوید قمر اور مئیر کراچی مرتضی وہاب شامل تھے،ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور اٹارنی جنرل بھی شریک تھے،ملاقات ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت،وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے، پیپلز پارٹی نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کا ہر اقدام میں ساتھ دیا، وزیر اعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں دی گئی تجویز "چارٹر آف پارلیمنٹ" کو سراہا اور اس بات کا اظہار کیا کہ اس سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مزید مضبوط ہوں گے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی، پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے حکومتی پالیسیوں و اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جس کا وزیرِ اعظم نے خیر مقدم کیا۔ علاوہ ازیں  بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے ملاقات سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم اسحاق ڈار وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ طویل میٹنگ ہوئی، زرا ئع نے بتایا کہ بلاول بھٹو پارلیمینٹ ہاوس میں اپنے چیمبر میں آئے ،کچھ ہی دیر کے بعد اس  اسحاق ڈار اور محسن نقوی بھی ان کے پاس پہنچے، اور تینوں رہنما تنہائی میں بات چیت کرتے رہے، اس اہم میٹنگ کی وجہ سے بلاول بھٹو پی پی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے تھے۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ اور نائب وزیراعظم کی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات صرف پارلیمانی امور تک محدود نہیں تھی اس میں بہت سے دوسرے امور بھی زیر غور آئے،  بلاول بھٹو بعد میں سپیکر سے بھی ملے تھے، ملک کے قانونی حلقے گزشتہ کئی روز سے جس قانون سازی کی اطلاع دے رہے ہیں وہ اب حتمی شکل اختیار کر گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہیکہ آئندہ 48 گھنٹوں میں یہ منظر عام پر آجائیگی، وزیراعظم کے ساتھ بلاول بھٹو کی ملاقات میں دو اہم قانونی شخصیات بھی موجود تھیں جن میں اٹانی جنرل اور وزیر قانون بھی شامل ہیں، ترمیم کے حوالے سے ابھی کسی سائیڈ سے کوئی معلومات افشاء اس وقت جو فیلڈ میں تجاویز موجود ہیں، ان میں آئینی کورٹ کا قیام ایک تجویز ہے، جبکہ دوسری تجویز عدلیہ کے متعلق اہم قانون سازی کرناہے،  حکومت کے قریبی ذرائع اس بات کا دعوی کر رہے ہیں کہ انہیں دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت بھی حاصل ہے۔ پیپلزرٹی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آصفہ بھٹو زرداری کی صدارت میں ہوا، جس میں قومی اسمبلی اور سینٹ کے جاری اجلاسوں میں پارٹی کی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔
 اسلام آباد( خبرنگار خصوصی ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر سے بہترین ٹیلنٹ کی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی ایک اعزاز ہے، حکومت ملک میں فٹ بال کے کھیل کی ترویج کیلئے مکمل معاونت کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حال ہی میں ناروے میں پاکستان کی نمائندگی  کرنے والی بہترین کارکردگی کی حامل سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم  سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کپتان محمد عدیل، ٹاپ سکورر محمد کاشف، ٹیم منیجر سید محمد اویس، مسلم ہینڈز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید جاوید گیلانی، ڈائریکٹر گلوبل آپریشنز ارسلان نصرت، ریحان طاہر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں، آپ سب کھلاڑی پاکستان کے درخشاں ستارے ہیں، پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے، جلد جامع پلان کے نفاذ کا آغاذ کریں گے۔ دوسری طرف وزیراعظم  نے کہا ہے کہ پاکستان میں کھیل کے میدانوں کو آباد کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن کے عہدیداران اور کھلاڑیوں سے  ایک ملاقت میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر پاکستان مکس مارشل آرٹس فیڈریشن عمر احمد، چمپیئنز ایمان خان، بانو بٹ، بریو کامبیٹ فیڈریشن ونرز رضوان علی، ضیا مشوانی اور اسماعیل خان شامل تھے۔ انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹس فیڈریشن ایشیئن چیمپئن شپ میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے 12 میڈل جیت کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا، میری بھرپور خواہش ہے کہ پاکستان کے کھلاڑی یونہی عالمی سطح پر مقابلوں میں ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں، پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔ وزیراعظم نے  کہا کہ پاکستان کے کھلاڑیوں کی عالمی مقابلوں میں شرکت کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کی جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے سابق خاتون اول اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی اہلیہ  کلثوم نواز کی چھٹی برسی پر ان کو خراج عقیدت  پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ مادرِ جمہوریت کلثوم نواز کی ملک و قوم اور جمہوریت کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ کلثوم نواز نے بطور اہلیہ، ماں، بہن اور سیاسی قائد، جرات و بہادری اور صبر و استقامت کی ناقابل فراموش تاریخ لکھی ۔ نواز شریف کے لئے وہ ایک فولادی ڈھال تھیں ۔آمریت کے خلاف ان کی قابل فخر اور یادگار تحریک سیاسی تاریخ کا روشن باب ہے۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے ۔

ای پیپر-دی نیشن