پی ٹی آئی متحد: بیرسٹر گوہر، پارلیمنٹ پر حملہ سپیکر کے علم میں تھا، کیا مذاکرات کریں: عمر ایوب
اسلام آباد (واقع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپی کے میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں، کوئی بھی عوام کے خلاف نہیں جاسکتا، علی امین گنڈاپور کے بیان پر معافی کی ضرورت نہیں، سیاست میں کوئی چیز فائنل نہیں ہوتی، کوشش کریں گے تناؤ کم ہو، پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں سب متحد ہیں۔ عمر ایوب نے کہا کہ ہے سارجنٹ ایٹ آرمز کو معطل کرنا قبول نہیں، آئین اور قانون کو توڑنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، حکومت کے پلے کچھ نہیں، ان کو فارم47 پر بٹھایا گیا، حکومت کے ساتھ کیا مذاکرات کریں۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے پارلیمنٹ ہاؤس میں جو ایکشن ہوا وہ سپیکر قومی اسمبلی کے علم میں تھے اور قانون کے مطابق ہوئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں آئی اسلام آباد اور سپیکر قومی اسمبلی سے پوچھوں کا پارلیمنٹ پر حملے کا کیا مطلب ہے، اداروں کے جو سربراہ ہیں جو کہتے ہیں ہم قاعدہ قانون کی پیروی کرتے ہیں میں ان سے انویسٹیگیشن کا کہتا ہوں، پارلیمنٹ پر حملے کی انویسٹیگیشن کی جائے۔