ن لیگ حکومت6 سے8 ماہ کی مہمان، جاوید عباسی، پارٹی چھوڑنے کا عندیہ
لاہور (آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی جاوید عباسی نے پارٹی چھوڑنے کا عندیہ د یتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت 6 سے 8 مہینوں کی مہمان ہے، ممکن ہے یہ مسلم لیگ ن کا آخری اقتدار ہو، اب پنجاب کے لوگوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس سیاسی جماعت کا ساتھ دیتے ہیں ۔ ایک انٹرویو میں جاوید عباسی نے کہا کہ بچوں کے پیچھے ہاتھ باندھ کر نوکری نہیں کر سکتا، سچی اور کھڑی بات والوں کی گنجائش نہیں رہی، ہمارا ہوٹلوں میں جانا مشکل ہوگیا ہے۔جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اقتدار کی خاطر مسلم لیگ ن نے ووٹ کو عزت دو والا بیانیہ قربان کر دیا، اسٹیبلشمنٹ کے اشارے پر ہم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لے آئے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بہترین ٹیم انہیں چھوڑ کر چلی گئی،8 فروری کے الیکشن میں پنجاب کے نوجوانوں نے مسلم لیگ ن کے خلاف ووٹ دیا، آئندہ آنے والے وقت میں مسلم لیگ ن کا بطور جماعت دوبارہ کھڑا ہونا بہت مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت 6 سے 8 مہینوں کی مہمان ہے، ممکن ہے یہ مسلم لیگ ن کا آخری اقتدار ہو، اب پنجاب کے لوگوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس سیاسی جماعت کا ساتھ دیتے ہیں۔جاوید عباسی نے واضح کیا کہ اب پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ چلنا بہت مشکل ہے کیونکہ ان کی پالیسیوں سے شدید اختلافات ہیں، ان کے بچوں کے ساتھ چلنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، حلقے کے لوگوں سے مشاورت جاری ہے، جلد ہی اپنی سیاست کا فیصلہ کرلوں گا۔