• news

شرح سود 2 فیصد کم:  معیشت کو چار چاند لگیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کی کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کاروبار اور معیشت کو فائدہ پہنچے گا، دعا ہے کہ مہنگائی کی طرح پالیسی ریٹ بھی سنگل ڈیجٹ میں آ جائے جس سے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر عالمی ضمیر خاموش ہے، پاکستان اسرائیلی اقدام کی مذمت کرتا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس کا آغاز پالیسی ریٹ میں کمی کی اچھی خبر سے ہو رہا ہے، پالیسی ریٹ 2 فیصد کم ہو کر 17.5 فیصد پر آ گیا ہے جس سے کاروبار، زراعت اور قومی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کرے کہ وہ دن بھی آئے کہ افراط زر کی طرح پالیسی ریٹ بھی سنگل ڈیجٹ میں آ جائے، اس سے پاکستان کی معیشت کو چار چاند لگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قدم بقدم بہتری آ رہی ہے اور مسلسل آہستہ بھاگنے والا ہی ریس جیتتا ہے کے مصداق پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کی کمی اچھی خاصی کمی ہے، اس سے ہماری صنعت، سرمایہ کاری، تجارت، برآمدات، زراعت سب میں بے پناہ فائدہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم پوری کوشش کرکے آئی ایم ایف کے ساتھ گفتگو کو اچھے طریقہ سے آگے بڑھا رہے ہیں، امید کی جانی چاہئے کہ جب یہ پروگرام ہو جائے تو اس کے بعد ہم اپنی شرح نمو میں اضافہ کے لئے اقدامات اٹھائیں گے، پاور سیکٹر اور ایف بی آر میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں، ایف بی آر میں بے پناہ اقدامات کی ضرورت ہے، چیئرمین ایف بی آر کو بہتری کے لئے وقت دے رہے ہیں، ان کے ساتھ ملاقات کروں گا تاکہ اہداف کا تعین کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے حوالے سے ہمارے دوست، برادر ممالک جن کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے، انہوں نے پوری طرح ہمارا ساتھ دیا ہے، انہوں نے جو کچھ کیا ہے وہ ایسے ہی ہے جیسے ایک بھائی اپنے بھائی اور دوست اپنے دوست کے لئے کرتا ہے، ان ممالک نے گزشتہ کی طرح اس مرتبہ بھی پھر اسی تاریخ کو دہرایا ہے اور پاکستان کا پورا ساتھ دیا ہے۔ یہ معاملات اسی طرح نہیں چل سکتے، ہمیں قرضوں سے جان چھڑانی ہوگی، اپنے پائوں پر کھڑا ہونا ہوگا، ہم ایک ایٹمی قوت ہیں لیکن ہر روز قرضوں کی درخواستوں سے اہمیت میں کمی واقع ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے  بلکہ عام اور سادہ سی بات ہے، ان معاملات پر حکومت پاکستان مکمل لگن کے ساتھ کاوشیں کر رہی ہے، جب موقع آئے گا تو تفصیل سے بتایا جائے گا، آئی ایم ایف کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے وزیر خزانہ، کابینہ، اداروں کے سربراہوں سمیت متعلقہ حکام نے بھرپور کوشش کی ہے اور انشاء اللہ اس میں کامیابی ہوگی، چین سمیت دفتر خارجہ اور دیگر دوستوں نے بھی بھرپور معاونت کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کی بربریت اور قتل و غارت جاری ہے، نہتے اور معصوم لوگوں کو شہید کیا جا رہا ہے، یہ انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ عالمی ضمیر اس حوالے سے خاموش ہے۔ عالمی ضمیر کو جاگنا چاہئے اور اپنا فرض ادا کرنا چاہئے۔ دریں اثناء  وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن آئی ایم او کے سیکرٹری جنرل آرسینیو انتونیو ڈومنگیوز ویلاسکو نے وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے سیکرٹری جنرل ویلاسکو کا خیرمقدم کیا اور آئی ایم او کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ماہی گیری اور سمندری تجارت کو وسعت دینے، سمندری وسائل کی تلاش، ساحلی سیاحت کو فروغ دینے اور شپ بریکنگ انڈسٹری کو فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کو اجاگر کیا، کہا کہ ان کی حکومت بلیو اکانومی کو اقتصادی ترقی کی حکمت عملی کے مرکزی ستون کے طور پر ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ماہی گیری اور شپ بریکنگ کے شعبے کو آگے بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجیز متعارف کرانے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے کردار پر روشنی ڈالی۔ سیکرٹری جنرل ویلاسکو نے وزیراعظم کی قیادت اور معاشی ترقی کے لیے اپنے بحری وسائل سے فائدہ اٹھانے اور عالمی میری ٹائم کمیونٹی میں اس کے کردار کے لیے پاکستان کے فعال کردار کو سراہا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور سید نوید قمر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی حکومت کے صوبہ سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور وفاق و صوبے کے تعاون سے جاری عوامی مفاد کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور وزیر مملکت علی پرویز ملک بھی شریک تھے۔ وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم کا سندھ کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم کو صوبے میں جاری توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔ دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف سے ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی، چودھری افتخار نذیر، رانا ارادت شریف، واجا پلین بلوچ، رانا محمد حیات اور شیخ آفتاب احمد نے ملاقات کی۔  اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ حلقوں میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ ارکان قومی اسمبلی نے ملک میں حالیہ معاشی استحکام پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ علاوہ ازیں  وزیراعظم محمد شہباز شریف سے خیبرپی کے سے مسلم لیگ ن کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کو خیبر پختونخوا میں جاری مختلف شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ وفد میں رکن قومی اسمبلی سردار محمد یوسف اور اراکین خیبرپی کے اسمبلی سید قاسم علی شاہ اور سردار شاہجہاں یوسف شامل تھے۔ وفد نے عوامی فلاح و بہبود کی خاطر لئے جانے والے تمام اقدامات کے لئے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا۔
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سٹیٹ بنک آف پاکستان نے شرح سود میں 2 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔ سٹیٹ بنک کے اعلامیے کے مطابق سٹیٹ بنک نے پالیسی ریٹ کم کر  کے17.5فیصد کر دیا ہے، اس سے قبل پالیسی ریٹ 19.5 فیصد تھا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق 2 ماہ میں مہنگائی میں اضافے کی شرح تیزی سے کم ہوئی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تیل اور غذائی اجناس کی عالمی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ سٹیٹ بنک کے مطابق کاروباری اعتماد میں بہتری آئی ہے، جبکہ کم سرکاری زرمبادلہ آمد اور قرض ادائیگیوں کے باوجود زرمبادلہ ذخائر 9.5 ارب ڈالرز رہے۔ مرکزی بنک کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے آج پالیسی ریٹ کو 200 بیسس پوائنٹس سے کم کر کے 17.5 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مزید کہا کہ مہنگائی کو متاثر کرنے والے مختلف عوامل کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ بیان کے مطابق کمیٹی نے حقیقی شرح سود کا نمایاں طور پر مثبت ہونے کا اندازہ لگایا جس کے نتیجے میں درمیانی مدت کے دوران مہنگائی 5 سے 7 فیصد تک لانے کے ہدف اور میکرو اکنامک استحکام کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن