• news

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، بانی پی ٹی آئی کی بریت درخواست مسترد

 راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) احتساب عدالت نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بریت کی درخواست مسترد کر دی۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں احتساب  عدالت کے جج ناصر جاوید  رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے وکلاء صفائی کو آج نیب تفتیشی افسر پر جرح کرنے کا حکم دیا۔ سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست صمانت پر فیصلہ پہلے ہی مرکزی ریفرنس کے ساتھ منسلک ہے۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ نیب ترامیم فیصلے کے بعد یہ کیس بنتا ہی نہیں۔ نیب ترامیم کی روشنی میں کابینہ کے فیصلوں کو تحفظ حاصل ہے۔ عمران خان نے براہ راست کوئی مالی فوائد  حاصل نہیں کئے۔ نیب پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے بریت کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ عمران خان نے کابینہ کو مس گائیڈ کیا ہے۔ کابینہ کے سامنے 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق اصل حقائق کو چھپایا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن