صدر نے 9 انشورنس پالیسی ہولڈرز کو 1.52 کروڑ روپے ادائیگی کی ہدایت کر دی
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی) صدر آصف علی زرداری نے کمپنیوں کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے 9 انشورنس پالیسی ہولڈرز کو ایک کروڑ 52 لاکھ روپے کی ادائیگیوں کی ہدایت دیدی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق 9 انشورنس کمپنیوں نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف درخواستیں دے رکھی تھیں۔ انشورنس کمپنیوں کے ایجنٹس نے 5 افراد کو ماہانہ منافع کے وعدے پر سکیموں میں پیسہ لگانے کی ترغیب دی، رقوم کی واپسی /منافع کے لئے متعلقہ کمپنیوں سے رابطہ پر دعوے مسترد کر دیئے گئے۔ ای ایف یو لائف انشورنس نے 4 لائف انشورنس پالیسی ہولڈرز کے ورثاء کے دائر کردہ ڈیتھ کلیمز مسترد کئے۔ متاثرین نے انشورنس محتسب کو شکایات کے ازالے کے لئے الگ الگ درخواستیں دی تھیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضمنی الیکشن میں مخدوم طاہر رشید کو این اے 171 سے کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ امید ہے کہ مخدوم طاہر رشید اپنے حلقے کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ مخدوم طاہر رشید اپنے حلقے کے مسائل کے حل، عوامی فلاح و بہبود پر توجہ دیں۔