190 ملین پاؤنڈ کیس‘ سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کرنے کی درخواست مسترد
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) احتساب عدالت اسلام آباد میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف زیر سماعت 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں گزشتہ روز بھی تفتیشی افسر پر جرح نہ ہوسکی۔ جبکہ عدالت نے وکلائے صفائی کی جانب سے سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ وکلائے صفائی نے ریفرنس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کرنے کی درخواست کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ دوران سماعت وکلائے صفائی نے بانی پی ٹی آئی کی بریت کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ دینے کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرلیا اور کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کر دی۔
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں عمران خان کے قریبی ساتھی اشتہاری ملزم زلفی بخاری کی جائیدادیں قرق کرنے کا حکم دے دیا۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے زلفی بخاری کی جائیدادیں قرق کرنے کا فیصلہ سنایا۔عدالت کی جانب سے زلفی بخاری کا 30 کنال کا پلاٹ جبکہ اسلام آباد کا دوسرا چار کنال کا پلاٹ بھی بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم دیا گیا۔زلفی بخاری کی 1210 کنال 12 مرلہ کی پراپرٹی ضلع اٹک میں ہے جس میں سے زلفی بخاری کی اٹک میں 91 کنال 10 مرلہ زمین بھی قرق کرنے کا حکم دیا گیا۔