بجلی کمپنیوں کی نجکاری، حکومت نے احتجاج سے بچنے کیلئے لازمی سروس ایکٹ نافذ کر دیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت نے بجلی کمپنیوں کی نجکاری پراحتجاج سے بچنے کا پلان تیار کرتے ہوئے تمام سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز)، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) اور سرکاری بجلی پیداواری کمپنیوں کے ملازمین اور یونینز پر لازمی سروس ایکٹ نافذ کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لازمی سروس ایکٹ کے تحت مظاہروں، احتجاج اور ہڑتال پرپابندی ہوگی، ڈسکوز، این ٹی ڈی سی اور جنکوز کے یونینز اور ملازمین کے ممکنہ احتجاج کے خدشے کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے 6 ماہ کے لییڈسکوز، این ٹی ڈی سی اور جنکوز پرلازمی سروس ایکٹ نافذ کیا ہے، پاور ڈویڑن اور وزارت داخلہ کی سفارش پر وفاقی کابینہ سے فیصلے کی منظوری لے لی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ لازمی سروس ایکٹ کے تحت ڈسکوز، این ٹی ڈی سی اور جنکوز یونین کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد ہوگی، لازمی سروس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔