حکومت مطالبات پر جواب دے بی این پی مینگل، فیصلے کیلئے وقت مانگ لیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کا وفد سپیکر چیمبر پارلیمنٹ ہاؤس میں پہنچ گیا۔ صادق سنجرانی وفد کو لے کر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔ وفد میں اختر لانگو، احمد نواز، احسان شاہ اور سینیٹر عبدالقادر شامل ہیں۔ وفد نے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ بی این پی نے اپنے مطالبات کے حوالے سے حکومت سے مؤقف مانگ لیا اور آئینی بل پر حتمی فیصلے کے لئے بھی وقت مانگا۔ سینٹ میں بی این پی مینگل کے 2 ووٹ ہیں جو اہمیت اختیار کر گئے۔ ذرائع کے مطابق سردار اختر مینگل نے سینٹ کے 2 ووٹوں کے بدلے 2 ہزار لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ صادق سنجرانی نے سردار اختر مینگل کے مطالبات پر بات چیت کی یقین دہانی کرائی ہے۔