• news

آئینی ترامیم کا مقصد 3 امپائرز کی توسیع، فضل الرحمن کا کردار کیا ہو گا، کچھ کہہ نہیں سکتا: بانی پی ٹی آئی

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)  بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم تین امپائرز کو توسیع دینے کے لیے ہورہی ہے، قاضی فائز عیسیٰ راستے سے ہٹ گیا تو نو مئی اور فراڈ الیکشن کی تحقیقات کھل جائیں گی۔ اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم اس لئے ہورہی ہے کیونکہ انہوں نے امپائرز کو ساتھ ملاکر کھیلا اور پھر بھی ہار گئے، ان امپائرز میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور چیف الیکشن کمشنر شامل ہیں اور توسیع اس لیے دی جارہی ہے تاکہ فراڈ الیکشن کو تحفظ دے سکیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ عدالتی آئینی ترمیم والا معاملہ تو اب ریورس ہوگیا؟۔ تو انہوں نے کہا کہ حکومت نمبرز پورے کررہی ہے، ان کو ترمیم لانی ہی لانی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ انہیں ڈر لگا ہوا ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ راستے سے ہٹ گیا تو نو مئی اور فراڈ الیکشن کی تحقیقات کھل جائیں گی، آئین کے خلاف الیکشن کو تاخیر کا شکار کیا گیا تاکہ پی ٹی آئی کو کرش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر 140 کیس نو مئی سے پہلے ہو چکے تھے، مجھ پر دو قاتلانہ حملے بھی ہو چکے تھے، پارٹی ختم نہیں ہو رہی تھی اسی لیے نو مئی کیا گیا، قاضی فائز عیسیٰ ایک سال سے نو مئی کی جوڈیشل انکوائری نہیں ہونے دے رہا، انہیں ڈر ہے کہ نیا چیف جسٹس آیا تو نو مئی کی تحقیقات کرائے گا۔ 8 فروری کو جو انقلاب آیا وہ ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا، آٹھ فروری کو پی ٹی آئی بغیر لڑے جیت گئی، نواز شریف نے تو فتح کی تقریر تیار کر رکھی تھی، یاسمین راشد جیل میں ہوتے ہوئے بھی جیت چکی تھی، نواز شریف کو 74 ہزار ووٹ ڈلوائے گئے، آٹھ ماہ گزر چکے ہیں الیکشن ٹربیونل کیوں کام نہیں کر رہے۔ تحریک انصاف کے بانی نے کہا کہ تین چیف جسٹس نے حمود الرحمن کمیشن رپورٹ بنائی تھی، حمود الرحمن کمیشن رپورٹ کہتی ہے کہ یحییٰ خان نے اپنی طاقت کو بچانے کے لیے جمہوریت کا جنازہ نکالا، اپنی طاقت بچانے کے لیے ملک کو آج دوبارہ اس نہج پر لایا جا رہا ہے، قانون کی بالادستی کو ختم کیا جا رہا ہے۔ فراڈ حکومت کی وجہ سے بھی بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاری نہیں کر رہے، ملک کو اصلاحات کی ضرورت ہے، پاکستان اس کے بغیر دلدل سے نہیں نکل سکتا۔ لاہور جلسے سے متعلق انہوں نے کہا کہ لاہور میں پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کے لیے پکڑ دھکڑ شروع کر دی گئی ہے، جو بھی ہو جائے لاہور کا جلسہ کریں گے، قوم کو پیغام دیتا ہوں کہ لاہور کے جلسے میں کشتیاں جلا کر نکلیں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم کی حمایت کے معاملے میں مولانا فضل الرحمان کا کیا کردار ہو گا کچھ نہیں کہہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو قائم دیکھنے والی تمام فورسز کو اکٹھا ہونا ہو گا‘ اگر مولانا فضل الرحمان بھی ساتھ کھڑے ہیں تو اچھی بات ہے۔

ای پیپر-دی نیشن