اسرائیل قبضہ ختم کرے، جنرل اسمبلی میں پاکستانی قرارداد منظور، فلسطینی ریاست کے قیام تک تعلقات قائم نہیں کرینگے: شہزادہ محمد
نیویارک؍ بیروت؍ غزہ؍ ریاض (این این آئی+ این این آئی)لبنان میں پیجرز ڈیوائس اور واکی ٹاکی دھماکوں میں 9 افراد شہید اور ایرانی سفیر سمیت 3 ہزار زخمی ہو گئے۔ اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کردیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ لبنان میں پیجر دھماکوں کی پیشرفت انتہائی تشویشناک ہے۔ پیجر دھماکوں کا حوالے سے اپنے بیان میں اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ لبنان میں غیر مستحکم حالات پیدا کرنے کی کوششوں پر تشویش ہے۔ حزب اللہ نے اسرائیل کو دھماکوں کا ذمہ دار قرار دیدیا ترجمان نے کہا فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ غدار اور مجرم دشمن کو اس جارحانہ فعل کی سزا ضروری دی جائیگی ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا امریکہ شامل نہیں دھماکوں سے متعلق معلومات جمع کر رہے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی سفیر مجتبیٰ عمانی بھی پیجر ڈیوائسز دھماکوں میں زخمی ہو گئے ۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے مشیر کے لبنان میں دھماکوں میں اسرائیل کے ملوث ہونے کا اشارہ دیدیا۔ لبنان کے سینئر سکیورٹی حکام نے بتایا اسرائیلی خفیہ ایجنسی نے دھماکے سے کئی ماہ قبل حزب اللہ کے ذریعے درآمد کئے گئے 5 پیجرز میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا ۔ لبنان میں پیجرز دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ میں شریک دیگر کارکنان کے واکی ٹاکیز بھی دھماکے سے پھٹ گئے جس کے نتیجے میں 14 افراد شہید اور 450سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکے بھی اپنے ساتھیوں کی نماز جنازہ میں شریک حزب اللہ کے کارکنوں کے زیر استعمال واکی ٹاکیز میں ہوئے علاوہ ازیں کئی گھروں میں بھی دھماکے ہوئے ان دھماکوں کے نتیجے میں متعدد گھروں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے درجنوں زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ کوئی چیز بھی اسرائیل کی جانب سے غزہ کے لوگوں پر نافذ اجتماعی سزا کا جواز نہیں بن سکتی جو ناقابل تصورمشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انٹرویو میں گوتریس نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جنگ کے طریقہ کار پر شدید تنقید کی۔ یہ جنگ آئندہ ماہ دوسرے سال میں داخل ہو جائے گی۔انہوں نے کہاکہ غزہ میں دکھوں اور مصائب کی سطح اور قتل و تباہی کی سطح کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے، میں نے سیکرٹری جنرل بننے کے بعد سے کبھی ایسا کچھ نہیں دیکھا تھا۔انھوں نے مزید کہا کہ یقینا ہم حماس کے تمام دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہیں اور اسی طرح یرغمالیوں کو قید کرنا جو بین الاقوامی انسانی قوانین کی قطعی خلاف ورزی ہے۔ایران کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے ایسی کارروائی جنگی اخلاقیات اور عالمی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،حماس کی جانب سے بھی لبنان میں پیجر حملوں کی ذمہ داری اسرائیل پر ڈالتے ہوئے شدید مذمت کی گئی،واضح رہے کہ پیجر دھماکوں میں ایک بچے سمیت 9افراد شہید جبکہ ڈھائی ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں، 200زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ دھماکوں پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس کل ہوگا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کے حق میں قراداد منظور ہوئی ۔ جس میں اسرائیل کو ایک سال کے اندر فلسطینی علاقوں سے قبضہ ختم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان، ترکیہ اور قطر سمیت دیگر ممالک کی جانب سے پیش کی جانے والی مشترکہ قرارداد کے حق میں 124 ممالک نے ووٹ دیا جبکہ 14 ممالک نے اس کی مخالفت کی اور 43 ممالک کے ارکان ووٹنگ میں شامل نہیں ہوئے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو ایک سال کے اندر غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں سے اپنی موجودگی ختم کرے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم نہیں کریں گے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی مجلس شوری کے سالانہ اجلاس میں محمد بن سلمان نے خصوصی طور پر شرکت کی اور اراکین سے گفتگو بھی کی۔محمد بن سلمان نے فلسطینیوں کیخلاف جاری اسرائیلی بربریت کی شدید الفاط میں مذمت کی اور فلسطینیوں کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے واضح کیا فلسطین کاز سعودی عرب کی اولین ترجیح ہے فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ فلسطین کو تسلیم کرنیوالے ممالک کے شکر گزار ہیں ۔اسرائیلی فوج نے غزہ کے پناہ گزین کیمپوں پر بمباری کرتے ہوئے مزید 38سے زیادہ فلسطینی شہید کردیے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں جہاں غزہ میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر بمباری کی گئی ۔ اقوام متحدہ نے غزہ میں پولیو ویکسی نیشن مہم کا دوسرا مرحلہ ستمبر کے آخر میں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ پہلے مرحلے میں90 فیصد بچوں کی ویکسی نیشن ہوئی۔دوسری جانب یمن کے حوثی گروپ نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا جس پر حماس کے سربراہ یحیی سنوار نے حوثیوں کی تعریف کی اور مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یقین ہے غزہ، لبنان، عراق اور یمن کے مزاحمتی گروپ اسرائیل کے عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔ دوسری جانب اسرائیل کا لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پیجر ڈیوائسز دھماکوں سے اڑا دیں۔ 9 اہلکار جاں بحق جبکہ ہزاروں زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے، رابطوں کے لیے استعمال ہونے والی پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سے حزب اللہ کے تقریباً اڑھائی ہزار اہلکار زخمی ہوئے،عرب میڈیا کے مطابق پیجر ڈیوائسز میں دھماکے جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقوں میں ہوئے۔ حزب اللہ کے زخمی ارکان کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق پیجرز دھماکوں کے نتیجے میں لبنان میں ایران کے سفیر مجتبی امانی بھی زخمی ہوئے ہیں، انکی ایک آنکھ ضائع، دوسری زخمی ہو گئی۔ زخمیوں میں سے اکثر کو ہاتھوں، پیروں، چہروں اور آنکھوں پر زخم آئے ہیں۔