• news

بھارتی لیفٹیننٹ جنرل کا جنرل عاصم منیر کوخط، پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) پاکستانی امن فوجیوں کی پیشہ ورانہ مہارت کا بھارتی فورس کمانڈر نے اعتراف کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے تفویض کردہ مینڈیٹ کے مطابق پاکستانی امن دستے جنوبی سوڈان میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ پاکستانی بلیو ہیلمٹ نے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پیچیدہ اور چیلنجنگ آپریشنل ماحول میں مشکل ٹاسک کی تکمیل پاکستانی امن دستوں کے لیے ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے۔ پاکستانی دستے نے دن رات کام کیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 250,000 سے زیادہ اندرونی طور پر بے گھر افراد (IDPs) کی حفاظت کی۔ جنوبی سوڈان میں فورس کمانڈر یونائیٹڈ مشن، بھارت کے لیفٹیننٹ جنرل ایس موہن نے پاکستان کے امن دستے کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا ہے۔ یہ اعتراف پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر  کے نام ایک خط کی صورت میں کیا گیا ہے۔ جس میں بھارتی جنرل نے پاکستانی امن فوجیوں کی پیشہ وارانہ مہارت، لگن اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ مزید برآں، بھارتی جنرل نے بریگیڈیئر شفقت اقبال کے بطور سیکٹر کمانڈر اور لیفٹیننٹ کرنل شہباز اسلم کے بطور کمانڈنگ آفیسر کے کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورس کمانڈر کی پہچان بین الاقوامی امن کی کوششوں میں ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر پاکستانی فوج کی ساکھ کا ثبوت ہے۔پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں فعال تعاون کے ذریعے عالمی امن اور سلامتی کے نظریات کو عملی جامہ پہنانے میں مدد کے لیے عالمی برادری کے ایک ذمہ دار رکن کے طور پر اہم کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن