آئینی عدالت کا قیام پیپلز پارٹی منشور کا حصہ تھا، فضل الرحمن کوجلد ایک پیج پر لے آئیں گے:بلاول
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایسا اتفاق رائے چاہتے ہیں کہ آئینی ترامیم پر سب راضی ہوں۔ مولانا فضل الرحمن کو جلد ایک پیج پر لے آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیپلز پارٹی نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئینی عدالت کے قیام کی بات چارٹر آف ڈیموکریسی میں کی گئی تھی۔ آئینی عدالت کا قیام پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا اتفاق رائے چاہتے ہیں کہ آئینی ترامیم پر سب راضی ہوں۔ فضل الرحمن سے ملاقات میں اتفاق رائے کی کوشش کی اور ان کی کچھ تجاویز کو مانا۔ حکومت اتفاق رائے پیدا کرنا چاہتی تھی، حکومت چاہتی تھی آئینی ترامیم پر اتحادی اور مولانا فضل الرحمن ساتھ ہوں۔ بانی پی ٹی آئی کا ترامیم پر اعتراض غلط ہے۔ یہ غلط ہے کہ کسی کو جیل میں رکھنے کا اختیار آئینی عدالت کو نہیں ہوگا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کا کوئی شہری عدالتی نظام سے مطمئن نہیں، عدالتی اصلاحات بہت ضروری ہیں، یہ کام پہلے ہی ہوجانا چاہیے تھا۔ آئین سازی کے معاملے میں جے یو آئی کا ہمیشہ مثبت کردار رہا ہے۔ فضل الرحمن راضی نہ ہوئے تو کوشش کریں گے ہمارے نمبرز پورے ہوں۔ الیکشن کمشن اور اسمبلیوں میں کنفیوژن عدالتی فیصلوں کی وجہ سے ہے۔ وفاقی کابینہ میں شامل نہیں ہورہے۔ خیبرپختونخوا کے حالات سنبھالنے کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے۔ خیبر پختونخوا کے بگڑتے حالات پر مشترکہ اجلاس بلا کر بریفنگ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، آئینی اصلاحات بہت ضروری ہیں یہ کام بہت پہلے ہوجانا چاہئے تھا۔ علاوہ ازیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید میر مرتضیٰ بھٹو کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں شہید میر مرتضیٰ بھٹو کو ان کے یومِ شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید میر مرتضیٰ بھٹو ایک اصول پسند رہنما تھے، کبھی اپنے اقدار پر سمجھوتہ نہیں کیا، شہید میر مرتضیٰ بھٹو نے اپنی زندگی جرات اور محکم ارادے کے ساتھ گزاری۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لیے ان کی قربانی اور ظلم کے خلاف ثابت قدم مؤقف آج بھی پاکستانیوں کے لیے ایک تحریک ہے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری سے کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر قاری رحمت اﷲ نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر عدالتی اصلاحات سے متعلق بات چیت ہوئی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پیپلز لائرز فورم کے مرکزی صدر نیئر بخاری‘ بلوچستان چیپٹر کے صدر بہرام خان اور سینیٹر شیری رحمان موجود تھیں۔