پی ٹی آئی رہنما نہیں چاہتے بانی باہر آئے: فیصل کنڈی
پشاور+کراچی (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ+سٹاف رپورٹر)گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہم نے پی ٹی آئی کو پرامن صوبہ دیا تھا جہاں بدترین صورتحال ہے۔ ملک ایسے موڑ پرکھڑا ہے جہاں سیاسی ورکرکوکردارادا کرنا پڑے گا، سیاسی یتیم سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے موقع پر سٹی کورٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چارٹرآف ڈیموکریسی میں آئینی عدالت کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہوا، پیپلز پارٹی نے موجودہ آئینی ترمیم میں بھی آئینی عدالت کا ذکرکیا تھا۔ وزیراعلیٰ کے پی کی تحصیل میں تمام دفاتر بند ہو رہے ہیں۔ ڈی آئی خان میں وزیراعلیٰ کی وجہ سے لوگ اغوا ہو رہے ہیں، خیبرپی کے میں حکومتی رٹ ختم ہو چکی۔ صوبائی پولیس کی تنخواہیں کم ہیں ان کے پاس ہتھیار اور وسائل نہیں، ہمارے وزیراعلیٰ کہتے ہیں میں خود افغانستان سے بات کروں گا۔ علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلی کے پی کو کہتا ہوں ناچنے والے گھوڑے میدان میں نہیں بھاگتے، میرے گورنر ہاؤس میں دو پنجرے خالی ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کام ہے کہ امن و امان قائم کرے صوبے میں امن کی حالت مخدوش ہے، ابھی وقت ہے کہ اس مرض کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوج صوبے سے نکل جائے تو صوبائی حکومت ایک دن بھی امن برقرار نہیں رکھ سکتی۔ پی ٹی آئی کے رہنما نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی باہر آئیں میں نہیں چاہتا کہ یہ سیاسی یتیم سیاسی شہید بنیں۔ گورنر راج آئین میں ایک آپشن ہے یہ لوگ سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں۔