جنیوا: اقوام متحدہ دفتر کے سامنے بھارت مخالف مظاہرہ: مقبوضہ کشمیر، انتخابی ڈھونگ میںڈیوٹی نہ کرنیوالے 15 اساتذہ معطل
پیرس‘ سرینگر (صاحبزادہ عتیق الرحمن سے + کے پی آئی + این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم اور ڈھونگ الیکشن کے خلاف سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کا ایک بڑا مظاہرہ کیا، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے سیشن کے دوران مقبوضہ کشمیر کے لئے بھرپور آواز اٹھائی گئی۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں کشمیر کے جھنڈے اور بھارت مخالف نعروں والے کتبے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے مودی اور انڈیا کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی۔ ریلی کے شرکاء نے مودی دہشتگرد‘ ہم کیا چاہیں آزادی‘ کشمیری مانگیں آزادی‘ لے کے رہیں گے آزادی‘ ہے حق ہمارا آزادی کے پْرجوش نعرے لگائے، مقررین نے انڈیا کے ڈھونگ الیکشن کی سخت مذمت کی اور کہا کہ دنیا کا کوئی بھی باشعور ڈرامہ الیکشن کو قبول نہیں کرے گا، کشمیری صرف آزادی چاہتے ہیں اور حق خودارادیت سے کم کسی بھی آپشن کو قبول نہیں کریں گے۔ مظاہرے کی قیادت سینئر کشمیری راہنما چوہدری پرویز اشرف نے کی۔ چوہدری یاسین، الطاف وانی، پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ، مرزا ساجد جرال، نعیم چوہدری، چوہدری گلزار لنگڑیال سمیت یوکے یورپ بھر سے پاکستانی و کشمیریوں نے بھرپور شرکت کی۔ دریں انثاء ضلع ریاسی میں ہفتے کو دوسرے روز بھی بھارتی فوج کا تلاشی آپریشن جاری ہے۔ تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے تلاشی کا عمل شروع کر رکھا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے مزید پانچ افراد کو سرکاری ملازمت سے معطل کر دیا گیا ہے۔ ان ملازمین کو ضلع ریاسی میں الیکشن ڈیوٹی پر خاصر نہ ہونے کی پاداش میں معطل کیا گیا جہاں نام نہاد اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں17 ستمبر کو ووٹنگ تھی۔ معطل کیے گئے اساتذہ میں محمد اشرف، گیان چند، غلام احمد، محمد نذیر اور محمد اقبال شامل ہیں۔ ضلع بڈگام میں ایک سڑک حادثے میں بھارتی پیراملٹری بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے4 اہلکار ہلاک جبکہ35 زخمی ہوگئے۔ بی ایس ایف اہلکاروں سے بھری گاڑی ضلع کے علاقے وتر ہیل میں سڑک سے پھسل کر ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں چار اہلکار ہلاک جبکہ 35 زخمی ہو گئے۔