بیکار اسامیوں پر نظرثانی، بجلی چوری ختم، تقسیم کار کمپنیوں میں اصلاحاتی عمل تیز کیاجائے: اسحاق ڈار
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ نائب وزیر (ڈسکوز) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرپرسنز کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ڈسکوز میں اصلاحات اور گورننس کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں ملازمین کی کمی اور ہیومن ریسورس پر خاص طور پر بات چیت ہوئی۔ ڈسکوز کو ہدایت کی کہ ملازمین کی کمی کو فوری طور پر پورا کیا جائے اور اس کمی کو پورا کرنے کے لیے آؤٹ سورسنگ کو مدنظر رکھا جائے۔ لائن لاسز میں کمی، بجلی کی چوری کے خاتمے اور کسٹمر کیئر کی جانچ پڑتال دوبارہ سے کی جائے۔ نائب وزیراعظم نے ڈسکوز کو ہدایت دی کہ پرانی اور بے کار اسامیوں پر نظرثانی کی جائے تاکہ کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہو سکے۔ اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم نے ڈسکوز میں گورننس کے مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت کے مکمل عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر بجلی اویس لغاری نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔