پاکستان کو فتنہ فساد نہیں امن کی ضرورت، تشدد کا راستہ اپنانے والے استحکام کے دشمن: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو فتنہ فساد نہیں بلکہ امن کی ضرورت ہے۔ عالمی یوم امن پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن بہت بڑی نعمت ہے، بدامنی زوال لاتی ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے پائیدار امن ناگزیر ہے۔ امن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ قیام امن کیلئے سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج، پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہوں۔ امن سے ہی خوشحالی کے پھول کھلتے ہیں خوشیاں ہر سو پھیلتی ہیں۔ قیام امن کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کے امن و استحکام کے دشمن ہیں۔ اختلاف رائے کی آڑ میں امن کو سبوتاژ کرنا قابل مذمت ہے۔ خدا کرے پاکستان میں ہر سو، ہر دم امن اورخوشحالی ہو۔ کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھرمیں امن ہم سب کا خواب ہے۔ امن کے علمبردار قابل تحسین ہیں جو عالمی تنازعات کے پائیدارحل کے لئے انتھک کاوشیں کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں مریم نے جڑانوالہ ستیانہ روڈ پر 2 لڑکیوں کی نعشیں برآمد ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور تعزیت کیا۔