• news

پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان اعتماد کا گہرا رشتہ ہے: مریم نواز

 لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ)چینی قونصلیٹ لاہور کی جانب سے عوامی جمہوریہ چین کے یوم آزادی کے سلسلہ میں 75 ویں سالگرہ منائی گئی اور کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف ، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر ، سپیکر قومی اسمبلی ملک احمد خان ، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب ، سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری ، نوائے وقت گروپ کی منیجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی ، آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور ، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ ، نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری، عالمی امور کے ماہر محمد مہدی سمیت سرکاری و غیر سرکاری ، سیاسی ، سماجی اور میڈیا سے وابستہ اہم شخصیات اور چینیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر ، وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے چینی قونصل جنرل ڑاؤ شیرین اور ان کی اہلیہ سے مل کر کیک کاٹا۔ مریم نواز کے انداز اپنائیت نے تقریب کو فیملی فنکشن بنا دیا۔ وزیر اعلیٰ نے مسٹر ڑاؤ شیرین کی اہلیہ کو کیک کھلایا تو تقریب کا ماحول حقیقی معنوں میں پاک چین دوستی ، بھائی چارے اور خوشیوں میں ڈھل گیا۔ جس کے بعد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے چینی قونصل جنرل ڑاؤ شیرین کو کیک کھلایا۔ نجی ہوٹل کا ہال کھچا کھچ مہمانوں سے بھرا ہوا تھا۔ چینی قونصل جنرل لاہور ڑاؤ شیرین نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین رواں سال میں 5 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گا۔ چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے۔ چین دنیا کی معاشی ترقی کا انجن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔نیو گوادر ائیرپورٹ کا جلد آفیشل افتتاح ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت چین،پاکستان کی دوستی کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ 6 ماہ میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے بہترین اقدامات کئے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ چین اور پاکستان کی گہری دوستی شاندار مستقبل کی طرف بڑھ رہی ہے، دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان اعتماد کا مضبوط رشتہ ہے۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ کووڈ۔19 کے دوران چین نے پاکستان کی ناقابل فراموش تکنیکی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ چین نے سلامتی کونسل کے مستقل رکن کے طور پر پاکستان کے موقف کی ہمیشہ حمایت کی۔ سی پیک ہماری قوم کی امید اور ترقی کا سنگ میل ہے۔گورنر پنجاب سلیم حیدر نے اس موقع پر اْردو میں خطاب کیا اور کہا کہ چین۔پاکستان دوستی دنیا کے لئے شاندار مثال ہے۔ دوستی، محبت بڑھتی رہے گی۔ 75 سال میں چین کی ترقی معجزہ سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے زیادہ آبادی کو کمزوری نہیں، طاقت بنادیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک۔چین دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم نکتہ ہے۔ تقریب کے دوران چینی قونصلیٹ لاہور کے سٹاف نے مل کر گانا گایا جبکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے چینی اور پاکستانی سٹاف نے مختلف پرفارمنسز دیکر تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔ اس موقع پر ڈریگن ڈانس کا مظاہرہ قابل دید تھا۔
لاہور( نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کینسر کے مریضوں کی ویلفیئر کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کینسر کے مرض کا مقابلہ کرنے والے بہادر لوگ ہیں۔ کینسر کے مریضوں کے علاج اور دیکھ بھال کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں سرکاری سطح پر نوازشریف کینسر ہسپتال قائم کررہے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ کینسر کے ہر مریض کو مفت اور معیاری علاج مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ پنجاب کے ہر ضلع میں کینسر کے علاج کے لئے خصوصی سینٹر بنائیں گے۔مریٖضوں کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ  اللہ کینسر کے ہر مریض کو شفا عطا فرمائے۔ وزیر اعلیٰ  نے کینسر مریضوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔  علاوہ ازیں مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں ٹماٹر اورپیاز سمیت سبزیوں کی کاشت بڑھانے کیلئے کو آپریٹو فارمنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ 5سے10کاشتکار پر مشتمل ویجیٹبل فارمر گروپ کو بیج،کھاد،ڈرپ اریگیشن اورسولرائزیشن پر سبسڈی دی جائے گی۔ پنجاب میں 2ہزار ایکڑ پر بے موسمی پیاز اور ٹماٹر کی کاشت کا پراجیکٹ لانچ کیاجائے گا۔ آف سیزن کاشت سے پنجاب میں 6ماہ پیاز اورٹماٹر مقامی طورپردستیاب ہونے سے مصنوعی مہنگائی نہیں ہوگی۔ پنجاب بھر میں ایگریکلچر مشینری رینٹل سروسزشروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ ٹریکٹر،ہارویسٹر سمیت دیگر جدید ترین زرعی مشینری کاشتکار کو نوپرافٹ،نو لاس کی بنیاد پر کرائے پر میسر ہوگا۔ 67سے زائد مقامات اورزرعی مشینری کے انتخاب کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کیا گیا۔ مریم نوازشریف نے سرکاری اراضی پر گندم کی بوائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔’’ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگری کلچر‘‘ سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ دوسری طرف وزیر اعلی مریم نواز نے فیصل آبادالائیڈ ہسپتال میں 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔  گڈ لک‘‘۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایم ڈی کیٹ کے اْمیدواروں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے پنجاب بھرکے امتحانی مراکز میں بہترین انتظامات ، سیکورٹی کی کڑی نگرانی کا حکم دیا ہے۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ پیارے بچوں، میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، آپ کامیاب ہوں گے، ان شاء￿  اللہ۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے امیدواروں کو دوران امتحان کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاہنہ میں ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی موٹر سائیکل سوار اور بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سخت احکامات کے باوجود ڈور پھرنے کا واقعہ انتہائی افسوناک ہے۔

ای پیپر-دی نیشن