• news

جلسوں کی بجائے عوامی حالت بہتر بنانا ضروری: وزیراعظم

اسلام آباد+لندن (اپنے سٹاف رپورٹر سے+نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جلسوں کی بجائے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتشاری سیاست مسترد کر  کے عوام نے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو ترجیح دی ہے۔گالی، گولی، انتشار اور فساد سے معیشت بہتر ہوگی نہ معاشرت۔ ہر صوبہ اور ہر ادارہ عوام کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے  یہ بات  ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر  اپنے ایک بیان میں کہی۔ اتوار کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ  انتشاری سیاست مسترد کر کے عوام نے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو ترجیحی دی ہے، عوام مہنگائی میں کمی، اپنے مسائل کا حل اور معاشی بہتری چاہتے ہیں، جلسوں کے لئے میدان بھرنے کی کوشش کرنے کی بجائے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم  نے کہا کہ جلسے 2028ء میں کریں گے، ابھی عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کے لئے محنت کرنے کا وقت ہے، معاشی بحالی، سیاسی استحکام سے جڑی ہے، سیاسی انتشار کا مطلب عوام کو ریلیف دینے کے عمل کو متاثر کرنا ہے۔ عوام نے سیاسی استحکام میں کردار ادا کر کے معاشی ترقی کی حمایت کی ہے، سیاسی استحکام کے لئے قوم کا اتحاد پاکستان کے روشن معاشی مستقبل اور مہنگائی سے نجات کی ضمانت ثابت ہو گا۔ معاشی چیلنجز، دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پوری  قوم، سیاسی جماعتوں، اداروں اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ سیاسی افراتفری میں قوم اور ملک کا بہت وقت ضائع ہو چکا ہے۔ مزید وقت ضائع کرنا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ وفاق تمام صوبوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل، مہنگائی میں کمی، مساوی ترقی کے لئے بھرپور ساتھ دینے کی پالیسی پر کاربند رہے گا، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں واپس آئی ہے، معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں، برآمدات میں اضافہ، روپے کا مستحکم ہونا، ترسیلات زر میں اضافہ، شرح سود کا کم ہونا، یہ سب معاشی ترقی کے واضح ثبوت ہیں۔ ہم سب کا اصل ہدف یہ ہونا چاہیے کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو اور یہی اصل کامیابی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ گالی، گولی، انتشار اور فساد سے معیشت بہتر ہو گی نہ معاشرت، ہر صوبہ، ہر ادارہ عوام کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی عوام اور حکومت کی جانب سے ایران کے عوام اور حکومت کے لئے ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام دیا۔ وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے بلندی  درجات کیلئے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن