• news

پی ٹی آئی نے پاکستان سے تعلق توڑ کر گولڈ سمتھ سے جوڑا، بتائے اسرائیل اس کا حامی کیوں؟ ن لیگ، پی پی

لاہور + ظفر وال+ کراچی  ( نیوزرپورٹر+نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی )  وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے انہوں نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اسرائیلی لابی کا ایجنڈا ہے۔ظفر وال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا صیہونی لابی بانی پی ٹی آئی کو پاکستان پر دوبارہ مسلط کرنیکی کوشش میں ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے پاکستانیوں سے تعلق توڑ کر گولڈ اسمتھ خاندان سے تعلق جوڑا۔ ایک طرف بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں مجھے امریکا نے سازش کرکے نکالا، دوسری طرف امریکا میں کانگریس کی حمایت میں قرارداد پاس کراتے ہیں، ہم نے مولانا فضل الرحمان سے سنا تھا بانی پی ٹی آئی اسرائیلی لابی کا ایجنڈا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے جلسے جلوس اور دھرنے سی پیک کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش ہے۔ عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اسرائیلی سپانسرڈ فتنہ اور کارڈ ہے۔ اسرائیلی اخبار نے بانی پی ٹی آئی کا چہرہ دنیا بھر میں بے نقاب کر دیا ہے۔ عمران خان نے اپنے دور میں اسرائیل سے اچھے تعلقات کے لئے ہر ممکن کوشش کی اور وفد بھی بھیجا۔نون لیگ کسی صورت اسرائیل کو ریاست تسلیم نہیں کرے گی۔ پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی لابی کے ساتھ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے تعلقات نئی بات نہیں، مضمون پر ردِعمل میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ یروشلم پوسٹ نے لکھا کہ بانی پی ٹی آئی اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات چاہتے تھے ، تحریک انصاف وضاحت دے کہ اسرائیل ان کا حامی کیوں ہے؟۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو کیوں یقین ہے کہ بانی پی ٹی آئی ہی اسرائیل سے متعلق عوامی رائے اور فوجی پالیسی بدل سکتے ہیں؟۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ ان دعوؤں کی بھی وضاحت کریں۔  اسرائیلی اخبار میں چھپنے والے آرٹیکل پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یروشلم پوسٹ نے عمران خان کو ہم خیال شخص قرار دیا، بانی پی ٹی آئی اسرائیل سے معمول کے تعلقات چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یروشلم پوسٹ کی بات آنکھیں کھول دینے والی ہے کیونکہ اس آرٹیکل نے عمران خان کا دوغلاپن اور تضادات کا پہلو بے نقاب کر دیا ہے۔ رہنما پیپلزپارٹی شرجیل میمن نے کہا ہے کہ عمران خان بارے یروشلم پوسٹ کا انکشاف افسوسناک ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اسرائیل بانی پی ٹی آئی کی کھل کر حمایت کر رہا ہے،  اگر اسرائیل سمجھتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ان کیلئے بہتر ہیں تو قوم کو سوچنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے متعلق یروشلم پوسٹ کا انکشاف بہت افسوسناک ہے، لندن میئر کے الیکشن میں بانی پی ٹی آئی نے پاکستانی نژاد شہری کے خلاف مہم چلائی۔ 

ای پیپر-دی نیشن