وزیراعظم کا آج سے دورہ امریکہ شروع‘ 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعظم محمد شہباز شریف 23 سے 27 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے اقوام متحدہ کے کثیرالجہتی کردار کی حمایت اور پاکستان کے مستحکم عزم کا اعادہ کریں گے۔ وزیراعظم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل مسئلہ فلسطین اور جموں و کشمیر کے تنازع سمیت دیرینہ مسائل کو حل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیں گے۔ وزیراعظم بین الاقوامی اقتصادی تعلقات میں عدم مساوات کو دور کرنے اور بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کی اہمیت کو اجاگرکرنے کے ساتھ ساتھ عالمی برادری پر زور دیں گے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے۔ وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کئی اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت بھی کریں گے جن میں "سطح سمندر میں اضافہ سے لاحق خطرات پر اعلیٰ سطحی میٹنگ" اور "امن کے لیے قیادت" پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کھلی بحث شامل ہے۔ وزیراعظم کے پروگرام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر سمیت متعدد عالمی رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف 26-2025 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آئندہ رکن کے طور پر، اقوام متحدہ کے چارٹر کو برقرار رکھنے، تنازعات کی روک تھام، امن اور عالمی خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار بھی کریں گے۔