مریم نواز ،نواز شریف سے امریکی سفیر کی ملاقات تجارتی مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال
لاہور +سندر(نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ سپیشل کارسپانڈنٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور نواز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین بہترین دوستانہ تعلقات ہیں، مزید تقویت دینے کے لئے پر عزم ہیں۔ پاک امریکا تجارت میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے جس سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔ حکومت نے مختصر عرصے میں متعدد شعبوں میں نمایاں کامیاں حاصل کی ہیں۔ پاکستان ماضی کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور پرامن ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گڈ گورننس اور شفافیت کے نئے معیار قائم کئے ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں مستقبل کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر غور کیا گیا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات مزید بہتر بنانے کے مواقع پر گفتگو بھی کی گئی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے سعودی عرب کے 94ویں قومی دن پر خصوصی پیغام میں سعودی عرب کے عوام، خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو قومی دن پر مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعلی نے اپنے پیغام میں کہاکہ سعودی عرب ہر پاکستانی کے دل میں بستا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب عقائد، ثقافت او روایات کی بنیاد پر ایک دوسرے سے جڑے ہیں۔ پاک سعودی باہمی تعلقات کی مضبوط بنیاد حرمین شریفین کا احترام اور عقیدت ہے۔ مریم نواز شریف نے سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن پر ’’ہم خواب دیکھتے ہیں اور ہم حاصل کرتے ہیں‘‘ ویژن کو بھی سراہا۔ علاوہ ازیں وزیراعلی مریم نوازشریف نے عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت کی۔ چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں سے ملاقات کی اور چین کے قومی دن پر مبارکباد دی۔ خطاب میں مریم نواز شریف نے کہاکہ پاک چین دوستی کا بانڈ محض سٹرٹیجک مفادات پر مبنی نہیں، یہ دل اور روح کا رشتہ ہے۔ پاک چین تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور ایک دوسرے کی خوشحالی کے لیے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔ چین کے 75ویں قومی دن پر پاکستانی عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ پنجاب کے لوگ چینی بھائیوں اور بہنوں کو نیک خواہشات اور دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت باعث فخر ہے۔ چینی قوم نے نہ صرف ترقی اور اختراع کی بلندیوں کو چھو لیا بلکہ عالمی برادری کی طرف دوستی کا ہاتھ بھی بڑھایا ہے۔ پاور کوریڈور سے لے کر عام شہریوں کے دلوں تک چین نے گھر کرلیا ہے۔ چین کی عظمت امن، تعاون اور انسانیت کی بھلائی کے غیر متزلزل عزم میں مضمر ہے۔ ہم عظیم چینی قوم کا احترام کرتے ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی اعتماد، احترام اور روشن مستقبل کے مشترکہ ویژن سے منسلک ہے۔ چین سے ہمارا رشتہ برادرانہ محبت، باہمی احترام اور غیر متزلزل اعتماد کا ہے۔ پاک چین تعلقات وقت کی کسوٹی پر جانچے اور پرکھے ہیں۔ برادر ملک چین کی شاندار کامیابیوں کو فخر کے ساتھ مناتے ہیں۔ چین کی کامیابیاں ہمارے لیے بھی حوصلہ افزائی اور قابل تقلید ہیں۔ ضرورت کی ہر گھڑی میں چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ دونوں ممالک خوشحالی اور پر امن مستقبل کی طرف ہاتھ تھام کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ دعا ہے کہ پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی رہے۔ چین نے قابل ذکر معاشی تبدیلی لاکر کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالا۔ ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور انڈسٹری کے شعبے میں چین دنیا کے لیے مثال بن چکا ہے۔ ہر عالمی بحران میں چین کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ کووڈ جیسی وبائی بیماری ہو یا قدرتی آفات چین نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ضرورت مند ممالک کے لیے وسائل مہیا کئے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن کے طور پر، چین نے مستقل طور پر امن و ترقی کو فروع دیا۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو عالمی خوشحالی کے لیے چین کے عزم کا اظہارکرتا ہے۔ چین کی اقتصادی ترقی کے ثمرات سے دنیا بھر کے لوگوں مستفید ہورہے ہیں۔ چین ایک ایسے رہنما کے طور پر ابھرا ہے جس کا وژن سرحدوں سے ماورا ہے۔ چین سب کے لیے بہتر اور مساوی دنیا کی تعمیر کے علمبردار کے طور پر ابھر رہا ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں جیسی گہری اور پہاڑوں جیسی مضبوط ہے۔ نواز شریف نے پاک چین دوستی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد قرار دیا۔ محمد نواز شریف چینی عوام کے ساتھ برادرانہ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہر عالمی فورم پر چین ایک سچے اور وفادار دوست کے طور پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ معاشی مدد ہو، سفارتی حمایت ہو یا بحران کے وقت مدد، چین نے ہمیشہ حقیقی معنوں میں بھائی ثابت کیا ہے۔ انہو ں نے کہاکہ ہمارے مشترکہ مستقبل کا ایک اہم ترین ثبوت چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (CPEC) ہے۔ چین بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ذریعے اقتصادی ترقی تک رسائی کا قابل قدر اقدام سر انجام دے رہا ہے۔ سی پیک پاکستان کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کر رہا ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہے کہ پنجاب مثبت معاشی تبدیلی میں سب سے آگے ہے۔ مضبوط صنعتی بنیاد اور متحرک افرادی قوت کے ساتھ، پنجاب چینی سرمایہ کاری کے لیے منفرد مقام رکھتا ہے۔ چین سے شراکت داری کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، پنجاب حکومت چینی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی پیکج دے رہی ہے۔ پنجاب کو چینی کاروبار کے لیے ایک پسندیدہ مقام بنانے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیریں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوام دوست اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا اور نواز شریف آئی ٹی سٹی، کینسر ہسپتال، ائیر ایمبولینس، اپنی چھت... اپنا گھر پروگرام کا خصوصی ذکر کیا۔ چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں نے اپنے خطاب میں کہاکہ سولر پینل پروگرام سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا۔ حکومت پنجاب عوام کے لیے بہترین خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ ژاؤ شیریں نے پاک چین دوست زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔ چینی قونصل جنرل نے کہاکہ یہ میرا نہیں ہمارا دن ہے۔ تقریب میں مہمانوں کی شرکت پاک چین تعلقات کے استحکام کی دلیل ہے۔ تقریب میں عوامی جمہوریہ چین اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔ چینی فنکاروں نے روایتی چینی ثقافتی فن کا مظاہرہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف، چینی قونصل جنرل اور دیگر نے ملکر عوامی جمہوریہ چین کی 75 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ چینی موسیقی، دھرتی سے محبت کے گیت اور ڈریگن شو بھی پیش کئے گئے۔دریں اثناء تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نوائے وقت گروپ کی مینجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی سے بھی ملاقات کی اور ان کا حال احوال دریافت کیا۔ تقریب میں نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری، سندس فاؤنڈیشن کے صدر یاسین خان، صدر لاہور چیمبر کاشف انور، سیکرٹری شاہد خلیل اور دیگر نے بھی شرکت کی۔