اسرائیل کی لبنان پر خوفناک بمباری ، 80حملے ، 365افراد شہید ،1040زخمی
تل ابیب/ مقبوضہ غزہ ( این این آئی، نیٹ نیوز)اسرائیلی فوج نے لبنان پر خوفناک بمباری اور 80 سے زائد حملے کیے ہیں اور بیکا وادی میں بھی شدید بمباری کرتے ہوئے حزب االلہ کے اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ لبنانی نیوزایجنسی کاکہنا ہے نبیتاہ کے علاقے میں اسرائیلی فوج نے آدھے گھنٹے کے دوران 80 سے زائد فضائی حملے کیے ہیں ، ان حملوں میں 365 افراد شہید جبکہ 1040 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔صہیونی فوج نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے لبنان میں شہریوں کو حزب اللہ کے ٹھکانوں کے اطراف سے نقل مکانی کا حکم دیا۔غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت اللحم میں ایک لڑکی سمیت پانچ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے، اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک گاوں سے بچوں سمیت درجنوں فلسطینیوں کو بھی حراست میں لیا ہے۔ حزب اللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے اس نے اسرائیلی فوجی پوزیشنوں پر کئی حملے کیے ہیں، جن میں مقبوضہ لبنانی شبعا فارمز اور شمالی اسرائیل کے علاقے شامل ہیں۔ لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں اسرائیلی فوج نے اندھا دھند بم برسا ئے جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں میں سے درجنوں کی حالت نازک ہے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ متعدد گھر بھی تباہ ہوگئے۔ شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ وسطی اور شمالی غزہ میں اسرائیلی فورسز نے 2 سکولوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہید ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق دیر البلاح میں ایک گھر پر اسرائیلی بمباری سے 4 بچوں سمیت 5 فلسطینی شہید ہو گئے۔اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں بچوں سمیت درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا۔حزب اﷲ نے سینئر رہنما علی کرکی کی شہادت کی تردید کی ہے۔ حزب اﷲ نے کہا کہ سینئر رہنما علی کرکی خیریت سے ہیں۔ حزب اﷲ جنوبی فرنٹ کے کمانڈر علی کرکی اسرائیلی حملے میں محفوظ رہے۔ اسرائیل نے فضائی حملے میں علی کرکی کی شہادت کا دعویٰ کیا تھا۔