کہیں نہیں لکھا سپریم کورٹ جو کہے وہ آئین ہوگا، رانا ثنا
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے سپریم کورٹ آئین اور قانون سے بالا فیصلے نہیں کرسکتی، کہیں نہیں لکھا جو سپریم کورٹ کہے گا وہ آئین ہوگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جسٹس منصور علی شاہ کا ایکٹ غیر قانونی ہے۔ مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عمل نہ کرنے پر وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی نہیں ہوسکتی، اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے، ملک آئین اور قانون کے مطابق چلنا ہے، یوسف رضا گیلانی والی تاریخ اب نہیں دہرائی جاسکتی ہے۔ مخصوص نشستوں کا معاملہ نظرثانی کیلئے سپریم کورٹ میں موجود ہے، اسے فل کورٹ سنے اور قوم کو اس بھنور سے نکالے۔ سپریم کورٹ آئین توڑنے والوں کے ایکشن کو آئینی قرار دے تو پھر ان معاملات پر بحث ہوگی، کیا کسی ادارے نے حلف اٹھایا ہے سپریم کورٹ کے فیصلوں کا تحفظ کرے گا۔