لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کی عالمی امور پر گہری نظر
فیصل ادریس بٹ
اندرون و بیرونی چیلنجز و محاذوں کیلئے بہترین انتخاب، دفاعی و عسکری صلاحیتوں کے حامل، جدید جنگی و تیکنیکی حربوں سے آشنا لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلیجنس تعینات کردیا گیا ہے۔ وہ اس وقت جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اس سے پہلے بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کمانڈ کر چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم پاکستان ملٹری اکیڈمی سے اعزازی شمشیر بھی حاصل کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ چیف انسٹرکٹر این ڈی یو اور انسٹرکٹر کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ بھی تعینات رہ چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز کے گریجویٹ بھی ہیں جبکہ رائل کالج سے ماضی میں پاک فوج کے دیگر سربراہان جنرل اشفاق پرویز کیانی، راحیل شریف ودیگر بھی یہ کورس کرچکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم اس سے پہلے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی جگہ مقرر کیا گیا ہے۔ عسکری خاندان سے تعلق رکھنے والے نئے ڈی جی عاصم ملک آرمی چیف عاصم منیر کے بااعتماد ہونے کے ساتھ عالمی امور پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ خاص طور پر امریکہ، برطانیہ، یورپ کے علاوہ چین، ایران، افغانستان، بھارت اور مشرق وسطی پر ان کا خاص فوکس رہا ہے۔ یہی نہیں ایس آئی ایف سی کے تحت زرعی اصلاحات کی منصوبہ بندی میں شامل رہے ہیں اور بطور ایڈجوٹنٹ جنرل اس کے منتظم بھی رہے ہیں۔ جنرل عاصم ملک معاملہ فہمی کی بے مثال مہارت کے حامل، پاک امریکہ تعلقات، برطانیہ ویورپ پر وسیع تحقیق کے حامل جنرل ہیں۔ بلوچستان امور پر ان کی مہارت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں جبکہ فتنہ الخوارج کے حوالے سے بھی ان کی تقرری اہمیت کی حامل ہے۔ پاک افواج کو جس طرح سے داخلی و عالمی سطح پر جن سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جنرل عاصم ملک اس کیلئے بہترین انتخاب ثابت ہوں گے۔ خاص طور پر ڈیجیٹل امور پر ان کی مہارت و صلاحیت ڈیجیٹل دہشتگردوں کے قلع قمع کا باعث بنے گی۔ جنرل عاصم ملک کی اعلی تعلیم کی بدولت پاکستان کی فارن پالیسی پر بھی انتہائی اہم اثرات مرتب ہوں گے۔ جنرل عاصم پاک فوج میں بااصول، ڈسپلن کے پابند اور شہداء کی فیملیز سے خاص ہمدردی کی وجہ سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ پاک سرزمین اور اس کی جغرافیائی، فضائی و بحری سرحدوں کی حفاظت، ملک دشمنوں کے خاتمے سمیت تمام اندرونی و بیرونی سازشوں سے محفوظ بنانے اور سازشی عناصر کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی آئی ایس آئی کی تابندہ و درخشاں روایت رہی ہے۔ قومی سلامتی کے ہراول دستے کی روایت کی حامل دنیا کی بہترین اور پاکستان کی پریمیئر انٹیلی جنس ایجنسی اپنی روایت کے مطابق اب جنرل محمد عاصم ملک کی قیادت میں مزید جدت، قوت، ذہانت، طاقت اور صلاحیت سے پاک وطن کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ و خاتمہ کرے گی۔