• news

    گنڈا پور کی ملاقات، ملک پولیس سٹیٹ بن چکا، حالات بہت سخت ہیں: بانی پی ٹی آئی

اسلام آباد‘راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پریکٹس پروسیجر کمیٹی پر جسٹس منصور علی شاہ کے مؤقف کی تائید کردی۔بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے سے سب واضح ہو گیاانہوں نے کہا کہ ہماری نو مئی اور 8 فروری کی درخواستیں نہیںسنی جارہیں، بلکہ اس نے ہماری چار نشستیں کم کر دیں، ہر حربے کے ذریعے ہماری نشستوں کو کم کیا جا رہا ہے، ہماری کوئی بھی پٹیشن نہیں سنی جا رہی سب کچھ بے نقاب ہو گیا ہے۔ نیب ترامیم کا کیس چل رہا تھا تب بھی کہا لیکن ہمیں نہیں سنا گیا‘الیکشن سے پی ٹی آئی کو باہر رکھنا اور پارٹی کو اڑا دینا انکی کوشش تھی، اب سب بے نقاب ہو چکا ہے سارے پردے ہٹ چکے ہیں۔ اچھے ججز راستے میں آئے مگر ان کو ہٹا دیا گیا ، اعجاز الاحسن اور مظاہر نقوی کو قاضی فائز عیسی نے باہر کر دیا، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ خود قاضی فائز نے بنوایا اور پھر تبدیل کر دیا ‘ اس قانون سازی سے جمہوری طریقے سے کیس لگنے کی خلاف ورزی کی گئی، پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے حوالے سے منصور علی شاہ نے بالکل ٹھیک مؤقف اختیار کیا۔ عدلیہ پر حملے کے خلاف جمعرات احتجاج کریں گے ، جمعہ کو ہمارا اپنا احتجاج ہے اور ہفتے کو راولپنڈی میں جلسہ کریں گے‘ اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے، ماتحت عدلیہ مکمل طور پر ان کے کنٹرول میں ہے، جو جج کنٹرول نہیں ہوتا اس کو ٹرانسفر کر دیا جاتا ہے، جج نو مئی کے مقدمات کا فیصلہ دینے لگا تو اس کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔ پاکستان مکمل طور پر پولیس سٹیٹ بن چکا ہے، حالات بہت سخت ہیں‘ وزیراعلی گنڈ ا پور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی ۔ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی جوڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی ‘ملاقات میں جلسہ کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔ملاقات میں 28ستمبر کوراولپنڈی میں ہونے والے جلسہ کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی ‘ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال خیبر پی کے اور پارٹی معاملات پر بھی بات چیت ہوئی ۔

ای پیپر-دی نیشن