چیف جسٹس کیلئے جسٹس منصور کی حمایت کرتے ہیں، تقرری کا اعلان جلد کیا جائے: بانی پی ٹی آئی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں جو ہو رہا ہے سب کو پتا چل گیا ہے یہ کیا کر رہے ہیں۔ یہ سب گینگ آف تھری کو توسیع دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ملک کا بیڑا غرق تو انہوں نے کر لیا، اب سپریم کورٹ کو بھی تباہ کر رہے ہیں۔ گینگ آف تھری کی توسیع کی وجہ سے سارا ملک داؤ پر لگا ہوا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ یہاں سارے فیصلے لکھے ہوئے آتے ہیں، ججز آ کر سنا دیتے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز بھی تابع ہو جائیں۔ ہائی کورٹ کے ججز پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔حکومت ساری عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے۔ الیکشن فراڈ کو کور کرنے کے لیے ان کو اپنے ججز چاہئیں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 8فروری کے انتخابات کو پوری دنیا نے فراڈ الیکشن کہا۔ ہمیں کوئی بھی جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا۔ چیف جسٹس کا یہ کام ہوتا ہے کہ وہ بنیادی حقوق کا تحفظ کرے۔ گرمیوں کا جلسہ بھی کیا کبھی 6 بجے ختم ہوتا ہے؟۔ ساری قوم کو پتا ہے کیا ہو رہا ہے، جو ہو رہا ہے اس سے واضح ہے کہ چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر ملے ہوئے ہیں۔ سپریم کورٹ اور معیشت سمیت پورا نظام ڈول رہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کو پتا ہے کہ اس پر آرٹیکل 6 لگے گا، اسی لیے الیکشن فراڈ کو دبایا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کے ڈر سے سپریم کورٹ اور جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ ججز کو دھمکیاں مل رہی ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز نے جو کہا تھا اس پر چیف جسٹس نے کیا کیا؟۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے۔ اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا اعلان کیا جائے۔ جسٹس منصور علی شاہ کو مکمل بیک کرتے ہیں۔ اس وقت یحییٰ خان پارٹ ٹو حکومت ہے۔ مشرقی پاکستان کے لوگ پاکستان کو چھوڑنا نہیں چاہتے تھے، وہ لوگ حقوق چاہتے تھے۔ طاقت کا استعمال کر کے انہیں علیحدگی کی جانب دھکیل دیا گیا۔ یحییٰ خان نے اپنی طاقت کے لیے جیتی ہوئی جماعت کو اقتدار نہیں دیا۔ بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ آئینی عدالت کا مقصد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پاور کو ختم کرنا ہے۔