• news

6 نئی ہائبرڈ ڈبل ڈیکر بسوں کا افتتاح، مریم نواز نے جھینگے کی فارمنگ کیلئے مراعات کا اعلان کر دیا

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 6 نئی ہائی برڈ ڈبل ڈیکر بسوں کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ لاہور میں سیاحت کیلئے نئے روٹس پر6 نئی ہائبرڈ ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی۔ بہاولپور اور راولپنڈی میں بھی ایک ایک ڈبل ڈیکر بس کا اضافہ کیا جائے گا۔ ملتان اور فیصل آباد میں بھی سیاحت کے لئے ڈبل ڈیکر بس سروس شروع ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے ہائی برڈ ڈبل ڈیکر بس کا معائنہ کیا اور نئی ہائیبرڈ ڈبل ڈیکر بس میں سفر کیا۔ وزیر اعلیٰ کو ہائیبرڈ ڈبل ڈیکر بس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ٹی ڈی سی پی کے تحت ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز نومبر 2015ء میں  شہباز شریف کے دور میں ہوا -سیاحتی بسوں میں اکیڈیمیا، سفارتکار، سٹیٹ گیسٹ، کارپوریٹ سیکٹر، شوبز اور عوام سیاحتی مقامات کی سیر کرتے ہیں۔ لاہور میں تین نئی سیاحتی بسوں کا روٹ قذافی سٹیڈیم سے مختلف سیاحتی مقامات تک ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب بھر میں میٹروپولیٹن ٹورزم کیلئے مزید نئی،جدید اور ماحول دوست بسیں فراہم کریں گے۔ مریم نواز شریف مظفر گڑھ ڈی سی آفس میں سکول کی چھت گرنے کی خبر ملنے پر پریشان ہوگئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شدید برہمی کا اظہار کیا اورسی ای او ایجوکیشن کو میٹنگ سے جائے حادثہ پر پہنچنے کا حکم دیا۔ وسندے والی میں نجی سکول کی چھت گرنے سے 35 بچوں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈپٹی کمشنرسے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور گرفتاری کا حکم بھی دیا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں شریمپ (جھینگے) فارمنگ کا سب سے بڑا پائلٹ پراجیکٹ، وزیر اعلیٰ نے شریمپ فارمنگ کے لئے مراعات کا اعلان کیا ہے اور پنجاب میں ایک لاکھ ایکڑ پر شریمپ فارمنگ کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مظفرگڑھ کے نواحی علاقے جھلاریں شمالی میں شریمپ فارمنگ پائلٹ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔  شریمپ فارمنگ پائلٹ پراجیکٹ کا معائنہ کیا، تالاب میں شریمپ کا جائزہ لیا اور فیڈ بھی ڈالی۔  شریمپ فارمنگ پراجیکٹ کا فضائی دورہ بھی کیا۔ پائلٹ پراجیکٹ فار ایڈیپٹو ریسرچ آن شریمپ فارمنگ کا افتتاح بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دنیا بھر میں شریمپ کی بہت مانگ ہے، ہمیں فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ایک لاکھ ایکڑ پر شریمپ فارمنگ سے ایک ارب ڈالر تک زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ شریمپ فارمنگ سے 40 فیصد تک منافع کی شرح ہو سکتی ہے۔  جنوبی پنجاب میں ویران اور بنجر زمین کو شریمپ فارمنگ سے قابل استعمال بنائیں گے۔ شریمپ فارمنگ کیلئے فارمرز اور انویسٹرز کو کم از کم لیز پر زمین اور مراعات دینگے۔ شریمپ فارمنگ کے لئے سیڈ،فیڈ اور درکار آلات بھی فراہم کرینگے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سینئر منسٹر مریم اورنگ زیب اور انکی ٹیم شریمپ فارمنگ پراجیکٹ پر مبارکباد اور شاباش کی مستحق ہے۔

ای پیپر-دی نیشن