• news

مخصوص نشستیں: الیکشن ایکٹ یا عدالتی فیصلہ، کس کو ترجیح دیں، الیکشن کمشن کی سپریم کورٹ میں نئی درخواست

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستیں دینے کے معاملے پر الیکشن کمشن نے وضاحت کے لیے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر جب وضاحت مانگی گئی تھی تب نیا ایکٹ موجود نہیں تھا، الیکشن ترمیمی ایکٹ آنے کے بعد عدالتی فیصلے پر رہنمائی کی جائے۔ پارلیمنٹ نے الیکشن ترمیمی ایکٹ کی صورت میں اب قانون بنا دیا ہے، بتایا جائے پارلیمنٹ کے قانون پر عملدرآمد کریں یا سپریم کورٹ کے فیصلے پر۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمشن مخصوص نشستوں کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ سپریم کورٹ کے 12 جولائی، 14 ستمبر اور23 ستمبر کے حکم ناموں پر اثرات سے متعلق رہنمائی کی جائے۔ الیکشن کمشن کے رویے سے صاف ظاہر ہے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنا چاہتا ہے، اگر 14 ستمبر کے حکم نامے پر عملدرآمد کرتا ہے تو یہ پارلیمان کے بنائے ہوئے قانون کی خلاف ورزی ہو گی۔ الیکشن کمشن نے درخواست میں مزید کہا کہ الیکشن کمشن سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتا ہے اور ہدایات سے انکار نہیں کر سکتا تاہم تحریک انصاف کے درست پارٹی اسٹرکچرکی عدم موجودگی میں امیدواروں کی وابستگی کیسے معلوم ہوگی۔ الیکشن کمشن نے ایکٹ میں ترامیم، سپریم کے مختصر فیصلہ، وضاحت اور تفصیلی فیصلہ کی وضاحت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن