صدر زرداری نے نوابزادہ نصر اللہ کے لیے نشان امتیاز کی سفارش کر دی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کو جمہوریت،اتحاد اور انصاف کیلئے غیر متزلزل لگن کے اعتراف میں نشان امتیاز (بعد از مرگ) دینے کی سفارش کی ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایوارڈ دینے کا عمل شروع کریں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ نوابزادہ نصر اللہ ممتاز اور باوقار سیاستدان تھے۔ ان کی زندگی جمہوریت کی ترقی اور پاکستان کی سیاسی سالمیت کے لئے وقف تھی- صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان کی بیمثال دیانت، رواداری اور جمہوری اقدار آئندہ آنے والی نسلوں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہوں گی۔ نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کی کل 27 ستمبر کو 21 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔