• news

انتخابی نشان نہ دینے کا فیصلہ جانبدارانہ تھا: بانی پی ٹی آئی

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ یہ جو کچھ ہو رہا ہے یہ تین ایمپائرز اور تین کھلاڑی ہیں، چوتھی ان کے ساتھ پی ڈی ایم ملی ہوئی ہے، ان سب کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔ ہمارا انتخابی نشان لینے کا فیصلہ جانبدارانہ تھا۔ توسیع کے مفاد میں پی ٹی آئی کو کرش کیا جا رہا ہے۔ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی فیملی جماعتیں ہیں۔ ان کے پارٹی الیکشن کو کوئی نہیں پوچھتا۔ ہمارے تین پارٹی انتخابات کالعدم کر دیئے گئے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو پتا ہے کہ جس دن الیکشن فراڈ کھلا اس پر آرٹیکل 6  لگے گا۔ اپنے اقتدار کے لیے یہ سپریم کورٹ، قانون کی بالادستی اور جمہوری نظام کو تباہ کر رہے ہیں، ملک تباہ ہوتا ہے تو انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ان سب کی جائیدادیں اور پیسہ باہر ہے۔ قوم ایک ایک ڈالر کی بھیک مانگ رہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں اخلاقیات کا قتل ہو رہا ہے۔ ادارے تباہ ہو چکے ہیں، انہوں نے ہمیں این او سی نہیں دینا مگر ہم احتجاج کریں گے اور اگر این او سی دیا بھی تو انہوں نے ہمیں شہر سے باہر بھیج دینا ہے اور 6 بجے کا وقت دے کر سڑکیں بلاک کر دینی ہیں۔ ہم اسلام آباد اور مینار پاکستان پر بھی احتجاج کریں گے، قوم کو اب پاکستان کے لیے باہر نکلنا پڑے گا۔ آج ہم لیاقت باغ میں بھرپور احتجاج کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن