راولپنڈی: دفعہ 144 نافذ، پنجاب میں گنڈاپور کے داخلے پر پابندی عائد
راولپنڈی؍ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کی جانب سے ہفتہ کو راولپنڈی میں احتجاج کی کال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے دو دن کیلئے دفعہ 144 لگا دی۔ اجتماعات اور ریلیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔ جبکہ راولپنڈی کے مقامی رہنما احتجاج میں شرکت یقینی بنانے کیلئے زیر زمین چلے گئے۔ کارکنوں سے وٹس ایپ گروپوں میں رابطے تیز کر دئیے۔ راولپنڈی میں احتجاج کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کرلئے گئے۔ داخلی راستوں پر کنٹینرز بھی پہنچا دیئے گئے۔ رینجرز کی مدد بھی طلب کی گئی ہے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاریوں کیلئے پولیس نے قیدیوں کی بسیں اور وینیں جگہ جگہ پہنچا دیں۔ تحریک انصاف کی مقامی قیادت احتجاج کو لیاقت باغ میں مرکوز رکھنے کی تیاریوں میں مصروف رہی جبکہ کمشنر انجینئر عامر خٹک، آر پی او بابر سرفراز الپا، سی پی او سید خالد محمود ہمدانی اور ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں انتظامیہ اور پولیس نے چڑیا پر نہ مارنے پائے کے سکیورٹی انتظامات کرلئے ہیں۔ کارکنوں کو پیدل اور موٹرسائیکلوں پر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں اپنے سوشل میڈیا پر عامر مغل کارکنوں کو یوم احتجاج میں شرکت کیلئے ہدایات جاری کرتے رہے۔ پولیس کی بھاری نفری لیاقت باغ، مریڑ چوک، فوارہ چوک، کشمیری بازار میں تعینات کی گئی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور کو احتجاج کے لیے صوبہ میں داخل نہ ہونے دینے کا فیصلہ کر لیا۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق علی امین گنڈا پور کی خیبرپی کے سے پنجاب میں احتجاج کے لیے داخل ہونے پرپابندی عائد کر دی گئی ہے، علی امین گنڈا پور پنجاب میں کسی جگہ احتجاج نہیں کرسکیں گے۔ علی امین گنڈا پور نے پورے قافلے کیساتھ راولپنڈی احتجاج کے لئے آنے کا پلان بنا رکھا ہے۔