• news

جولائی، اگست: مہنگائی کم، روپے کی قدر بڑھ گئی، برآمدات، بیرونی سرمایہ کاری میں ریکارڈ اضافہ ہوا: وزارت خزانہ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے 2 ماہ (جولائی، اگست)کے دوران مہنگائی میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔ مہنگائی 23.4 فیصد سے کم ہوکر 9.6 فیصد رہی جبکہ ترسیلات زر، برآمدات، درآمدات، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وزارت خزانہ نے جولائی اور اگست میں اقتصادی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق ر واں مالی سال 2024-25 کے پہلے دو ماہ (جولائی،اگست) میں پاکستان کی معیشت میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے، رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران مہنگائی میں کمی، صنعتی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوا، اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی اور مالیاتی سیکٹر مضبوط ہوا۔ رپورٹ کے مطابق معاشی استحکام کا رجحان جاری رہنے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ملکی برآمدات میں 7.2 فیصد اور درآمدات میں 13.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔  رپورٹ میں کہا گیا کہ مہنگائی ستمبر اور اکتوبر میں شرح 8 سے 9 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، دوسری جانب جولائی اگست میں مالیاتی خسارہ 225 ارب روپے سے بڑھ کر 387 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی 2024 میں ایل ایس ایم کی پیداوار میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا ، جولائی 2023 میں ایل ایس ایم کی پیداوار میں5.4 فیصد کمی ہوئی تھی، 22 میں سے 14 سیکٹرز میں مثبت ترقی رہی جن میں ٹیکسٹائل، خوراک، مشروبات، کیمیکلز اور گاڑیاں شامل ہیں، ٹیکسٹائل سیکٹر مثبت رہااور 24 ماہ بعد ٹیکسٹائل سیکٹر کا ایل ایس ایم میں 18.2 فیصد حصہ رہا ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں گاڑیوں کی پیداوار میں 19.5 فیصد اور فروخت میں 16.3 فیصد اضافہ ہوا، کاروں کی پیداوار میں 15 فیصد اضافہ، ٹرک اور بسوں میں 120.4 فیصد اضافہ، جبکہ ٹریکٹر کی پیداوار 26.9 فیصد کمی ہوئی جبکہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ(جولائی،اگست) میں سیمنٹ کی ترسیل 6.4 ملین ٹن رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن