پنجگور: بی ایل اے کے دہشتگردوں کی گھر میں گھس کر فائرنگ، پنجاب سے آئے 7 مزدور جاں بحق
اسلام آباد؍کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے علاقے پنجگور میں ایک گھر پر فائرنگ کے نتیجے میں 7 مزدور جاں بحق ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پنجگور کے علاقے خدا بدن میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 مزدور جاں بحق جبکہ شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس، سکیورٹی اہلکار اور کارکنان جائے وقوعہ پہنچے جہاں سے نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کا تعلق پنجاب سے ہے، جنہیں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے دہشت گردوں نے سفاکی اور بے دردی سے قتل کیا۔ مقتولین خدا بدن، پنجگور کے علاقے میں گھر کی تعمیر پر مزدوری کر رہے تھے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاست اور سکیورٹی فورسز ان بیرونی فنڈنگ پر پلنے والے ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی پنجگور کے علاقے میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کے قتل میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ملتان سے بتایا جاتا ہے۔ جاں بحق افراد میں ساجد، شفیق، فیاض، افتخار، خالد، سلمان، اللہ وسایا شامل ہیں۔ زخمی مزدور کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی۔وزیراعلی بلوچستان نے پنجگور واقعہ کی مذمت کی ہے سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ بے گناہ شہریوں کے قتل کاحساب لیں گے ۔