گوشوارے جمع کرانے میں مشکلات‘ ٹیکس بارز‘ تنظیموں کا تاریخ میں توسیع کا مطالبہ
لاہور (کامرس رپورٹر) ٹیکس بارز سمیت دیگر تنظیموں نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ایف بی آر کے سسٹم کی استعداد نہ ہونے اور دیگر تکنیکی مسائل کی وجہ سے ٹیکس دہندگان اور پریکٹیشنرز کو گوشوارہ جمع کرانے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ پاکستان ٹیکس بار کے صدر انورکاشف ممتاز، سینئر نائب صدر زاہد عتیق، عاشق علی رانا، ریحان صدیقی، لاہور ٹیکس بار صدر شہباز صدیق، میاں محمد زاہد، پاکستان ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار، خواجہ ریاض ، امانت بشیر، ریونیو ایڈوائزرز ایسوسی ایشن کے صدر عامر قدیر، سینئر نائب صدر انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن جلیل اعوان، چیئرمین پیفا جمیل احمد اور چیئرمین اے کیپ رانا طارق محمود نے مشترکہ بیان میں کہا پورٹل پر مسلسل تکنیکی ایشوز آتے رہے، امپورٹرز کی ریٹرن کے چالان نہیں نکلتے۔ آئرس سسٹم بار بار بیٹھ جاتا ہے، ریٹرن 2،2 گھنٹے محنت کرنے کے باوجود فائل نہیں ہوتیں۔ پہلی بار فنانس ایکٹ 2024ء مشکل ترین آیا ہے جس میں سینکڑوں شرائط ایسی رکھی گئی ہیں کہ آج تک تاجر برادری سوچ بچار میں مبتلا ہیں۔