گورنر سندھ کی میاں چنوں آمد، ارشد ندیم کراچی میراتھن کے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر
میاں چنوں،کراچی (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+کامرس رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی ضلع خانیوال میاں چنوں آمد، گورنر سندھ نے اولمپئین ارشد ندیم سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے قومی ہیرو کو اولمپکس میں ملک وقوم کانام روشن کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ارشد ندیم کو کراچی میرا تھن کابرانڈ ایمبیسیڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا‘ اس ضمن میں ایم او یو پر بھی دستخط کئے گئے۔گورنر سندھ نے کہا انشاء اللہ کراچی میں میراتھن گیمز جنوری میں شروع ہوکر ایک ماہ تک جاری رہیں گی، افتتاحی اور اختتامی تقریب میں ارشد ندیم موجود ہوں گے۔ قومی ہیرو کی تجویز پر کراچی میں جنوری میں 60 سے زائد کھیلوں کے مقابلے کرائے جائینگے۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ ارشد ندیم کے باپ پر کتاب لکھی جانی چاہیے جنہوں نے کسمپرسی کے حالات میں بھی ارشد ندیم جیسے ہیرے کی پرورش کی۔میاں چنوں کے عوام کی طرف سے جو میرا فقید المثال استقبال کیا گیا ہے میں اسے ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ ارشد ندیم کے گاؤں میں زیر تعمیر مسجد کا بقیہ تعمیراتی کام میں اپنے جیب سے کراؤں گا۔گورنر ہائوس سندھ کے دروازے عوام کیلئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب کی ترقی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بہترین کام کررہی ہیں۔ایک صحافی کو جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا صحافی کے جواب میں کہا پنجابی نہیں پاکستانیوں کا قتل عام ہوا ،پنجگور سانحہ بلوچ نہیں بلکہ غیر ملکی ایجنسیوں کا کام ہے۔