چیئرمین سینٹ کی یوم تاسیس پر چین کے عوام اور قیادت کو مبارکباد
اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین سفارتی اور تجارتی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں،خطے کی ترقی کے لیے اقتصادی راہداری کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے یہ پاکستان کی معیشت میں اضافہ کرے گا۔ جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جمہوریہ چین کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر صدر شی جن پھنگ اور وزیر اعظم لی کیانگ سمیت چینی رہنمائوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا چیئرمین مائوزے تنگ کی قیادت قابل تعریف ہے جن کے تعاون نے چین کو سماجی و اقتصادی بہتری کی طرف راغب کیا اور اسے ایک عالمی اقتصادی طاقت کے طور پر قائم کیا۔سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا پاک چین دوستی علاقائی استحکام کے لیے ہمارے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک)جیسے مشترکہ منصوبوں کے خطے کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے جو ون بیلٹ ون روڈ کے تحت عمل پیرا ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا خطے کی ترقی کے لیے اقتصادی راہداری کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے یہ پاکستان کی معیشت میں اضافہ کرے گا۔ پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار سفارتی تعلقات کو مزید اجاگر کیاجائے جو باہمی احترام اور بھائی چارے پر قائم ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا پاکستان اور چین کے مابین سفارتی اور تجارتی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں پاک چین دوستی نے اہم فوائد حاصل کیے ہیں جس سے دونوں اقوام اور وسیع تر خطے کے لیے بے مثال مواقع پیدا ہوئے ہیں۔