• news

وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے وفاق پر لشکر کشی کی تو قانون حرکت میں آئے گا: عطا تارڑ

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں امت مسلمہ کی ترجمانی کی ۔کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کا احتساب ہونا چاہئے‘ پاکستان کے بائیکاٹ کے بعد نیتن یاہو کے خطاب کے دوران ہال خالی تھا، وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی رہنمائوں کی ملاقاتوں سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو تقویت ملی، خارجہ پالیسی نے ثابت کیا کہ پاکستان خطے میں اہم ملک ہے، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر عالمی مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں‘ پاکستان کی شرح نمو میں اضافے اور مہنگائی میں کمی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، پالیسی ریٹ کم ہونے سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے، آج مہنگائی 6.9 فیصد پر آ گئی ہے جو قوم کے لئے بڑی خوشخبری ہے، دس وزیروں اور سرکاری گاڑیوں سے انقلاب نہیں آتا۔پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف امریکہ کا کامیاب دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے تاریخی خطاب کیا جو پاکستان کیلئے باعث اعزاز ہے اور اسے پوری دنیا میں پذیرائی ملی۔ صرف الجزیرہ ٹی وی چینل پر 1.6 ملین لوگوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب کو دیکھا جبکہ اسرائیلی وزیراعظم کے خطاب پر صرف 3 لاکھ ویوز آئے۔ اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کے وقت ہال تقریباً خالی ہو چکا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف اور فلسطینی صدر محمود عباس کے درمیان جب ملاقات ہوئی تو فلسطینی صدر نے پاکستان کی حمایت کو خوش آئند قرار دیا، فلسطین کے صدر محمود عباس نے وزیراعظم کا بازو پکڑ کر کہا کہ آپ ہمارے بھائی ہیں اور فلسطین کاز کے لئے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جس کے پاسپورٹ پر لکھا ہے کہ یہ پاسپورٹ ماسوائے اسرائیل کے تمام ممالک کیلئے کارآمد ہے۔وزیراعظم نے اپنی تقریر میں برہان وانی کا خصوصی ذکر کیا اور کہا کہ بھارت مظلوم کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستانی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کی معاشی پالیسیاں درست سمت میں گامزن ہیں۔  پی ٹی آئی ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے، وزیراعلیٰ  خیبر پی کے علی امین کو انقلاب لانا ہے تو خیبر پی کے میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں انقلاب لائیں‘ یہ ملک کی معیشت کی بہتری کو سبوتاژکرنا چاہتے ہیں‘سرکاری وسائل کو استعمال کر کے وفاق پر لشکر کشی کسی صورت ناقابل قبول ہے، لشکر کشی کرنے کے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، لشکر کشی کریں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔

ای پیپر-دی نیشن